اسٹاک ایکسچینج:زبردست تیزی،1لاکھ 84ہزار کی حد بحال
3748پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس 184050.10پربند ہوا حصص کی مالیت میں 343ارب روپے اضافہ، کاروباری حجم 34فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات، خام تیل کی قیمت 70ڈالر فی بیرل سے نیچے آنے اور پٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی کی امید کے باعث اسٹاک ایکس کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اور نئے مالیاتی سال کے پہلے دن بڑی نوعیت کی تیزی رہی جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 81ہزار، 1لاکھ 82ہزار، 1لاکھ 83ہزار اور 1لاکھ 84ہزار پوائنٹس کی چار سطح بحال ہوگئیں۔تیزی کے سبب 61فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا جبکہ حصص کی مالیت 3کھرب 43ارب روپے بڑھ گئی۔ دوسری جانب شیئر مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں کاروبار کے تمام دورانیے میں تیزی رہی جس سے ایک موقع پر 3ہزار 932پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3748 پوائنٹس کے اضافے سے 184050 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1228 پوائنٹس کے اضافے سے 54944 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1851 پوائنٹس کے اضافے سے 110789 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 3307.40 پوائنٹس کے اضافے سے 260634 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 34فیصد زائد رہا۔گزشتہ روز 94کروڑ 14لاکھ 79ہزار 627 حصص کے سودے ہوئے ۔