ایس ای سی پی :پہلا ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک جاری
ماحول دوست سرمایہ کاری کو فروغ، گرین فنانسنگ کے نئے مواقع پیدا ہونگے
کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ملک کا پہلا ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک جاری کر دیا۔اس اقدام کا مقصد پاکستان میں ماحول دوست، سماجی ذمہ داری اور بہتر کارپوریٹ گورننس پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کے مطابق نئی سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنا اور مقامی کمپنیوں کو بین الاقوامی ای ایس جی معیارات اپنانے کی ترغیب دینا ہے ۔ ایس ای سی پی کے مطابق نئے فریم ورک کے نفاذ کے بعد ملک کی ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں باضابطہ طور پر ای ایس جی میوچل فنڈز متعارف کرا سکیں گی جن کے ذریعے سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری ان کمپنیوں اور مالیاتی منصوبوں میں لگا سکیں گے جو ماحولیاتی تحفظ، سماجی ذمہ داری اور شفاف کارپوریٹ طرزِ حکمرانی کے اصولوں پرعمل پیرا ہوں۔ اعلامیہ کے مطابق ایکویٹی ای ایس جی فنڈز اپنی سرمایہ کاری بنیادی طور پر اسٹاک ایکسچینج کے پی ایس ایکس سسٹین ایبلٹی انڈیکس میں شامل کمپنیوں میں کریں گے۔