مالی سال 2025-26 میں پی ایس ایکس کی شاندار کارکردگی
امریکی ڈالر کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کو 46 فیصد منافع حاصل ہوا،رپورٹ
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2025-26 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹوں میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ۔مالیاتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں 100 انڈیکس 44 فیصد اضافے کے ساتھ مالی سال کے اختتام پر ایک لاکھ 80 ہزار 302 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا جبکہ ڈالر کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کو 46 فیصد منافع حاصل ہوا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین مالی سال اسٹاک ایکسچینج نے مجموعی طور پر 335 فیصد کا شاندار منافع دیا جبکہ اسی عرصے میں ڈالر کی بنیاد پر سرمایہ کاروں کو 347 فیصد منافع حاصل ہوا۔مالی سال 2025-26 کے پہلے نصف کے دوران مارکیٹ نے 39 فیصد نمایاں منافع دیا جبکہ دوسرے نصف میں بھی 4 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت رجحان برقرار رہا۔ اسٹاک ایکسچینج نے عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، علاقائی کشیدگی اور دیگر بیرونی خطرات کے باوجود غیر معمولی استحکام کا مظاہرہ کیا۔