دورہ ویسٹ انڈیز،انگلینڈ، شان کو کپتان برقرار رکھنے کا امکان
دورہ ویسٹ انڈیز،انگلینڈ، شان کو کپتان برقرار رکھنے کا امکان محمد رضوان اور سعود شکیل بھی صحت یاب، ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں متوقع
لاہور(سپورٹس ڈیسک)دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ۔ لاہور میں پی سی بی کی جانب سے لگایا گیا ریڈ بال کرکٹرز کا پری سیزن کیمپ ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ٹیم کا اعلان 6 یا 7 جولائی کو ہوگا جس میں شان مسعود کو بطور کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعود شکیل اور محمد رضوان نے فٹنس مسائل سے چھٹکارا پالیا ہے اور دونوں کھلاڑی اب سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں۔پی سی بی کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے اس بار ان دونوں سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کردہ ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں کی جائیں گی۔ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں سیریز میں فاسٹ بولرز کی تعداد کو زیادہ رکھے جانے کا امکان ہے ۔سپنرز میں ساجد خان آٹومیٹک چوائس ہیں، ان کے ساتھ علی عثمان کو زیر غور لایا جا سکتا ہے ۔ نوجوان بیٹرز عبداللہ فضل اور اذان اویس کو بھی موقع ملے گا۔اسلام آباد میں قومی ٹیم کا فائنل تربیتی کیمپ 9 جولائی سے 12 اگست تک ہوگا، 13 جولائی کو ٹیم کی ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔