اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جائیداد کی خرید و فروخت، انتقال پر پابندی ختم
شاہ اللہ دتہ، سنگ جانی، سرائے خربوزہ اور دیگر موضع جات میں زمینوں کے انتقال پر عائد پابندی بغیرمجازاتھارٹی قرار حکام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں،غیر مجاز تعمیرات، زمین کے استعمال میں ممنوعہ تبدیلی پر ایکشن لے سکتے ،ہائیکورٹ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف موضع جات میں جائیداد کی خرید و فروخت، رجسٹریشن اور انتقال پر عائد پابندی ختم کر دی۔ جسٹس محمد آصف نے شہری فضل عباس کی درخواست پر 10 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا،عدالت نے شاہ اللہ دتہ، سنگ جانی، سرائے خربوزہ اور دیگر موضع جات میں زمینوں کی خرید و فروخت، رجسٹریشن اور انتقال پر عائد پابندی کو ختم کردیا اوریکم دسمبر 2023 کو عائد کردہ پابندی کو مجاز اتھارٹی کے بغیر قرار دیتے ہوئے فریقین کو سی ڈی اے آرڈیننس 1960، اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری (زوننگ)ریگولیشنز 1962اور دیگر متعلقہ قوانین کے مطابق جائیداد سے متعلق لین دین کو ریگولیٹ کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت کایہ بھی کہناہے کہ حکام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں،غیر مجاز تعمیرات، زمین کے استعمال میں ممنوعہ تبدیلی پر ایکشن لے سکتے ہیں۔