رواں سال کاروباروں پر سائبر حملوں میں پانچ گنا اضافہ
جنوری تااپریل مصنوعی ذہانت سروسز کی آڑ میں 33ہزار 3سو حملے ہو ئے چیٹ جی پی ٹی 42فیصد ، کلاڈ 24فیصد، ڈیپ سیک سے 20فیصد حملے :کیسپرسکی
اسلام آباد ( نامہ نگار )کیسپرسکی کے مطابق جنوری سے اپریل 2026کے دوران سکیورٹی سلوشنز نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر 33ہزار 300سے زائد ایسے سائبر حملوں کا سراغ لگایا جن میں پی سی کے لیے نقصان دہ یا غیر مطلوب سافٹ ویئر کو مقبول مصنوعی ذہانت سروسز کے بھیس میں پیش کیا گیا۔ یہ تعداد 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے ۔ 2026 کے آغاز میں سائبر حملوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے جعلی اے آئی پلیٹ فارمز میں چیٹ جی پی ٹی 42 فیصد ، کلاڈ 24 فیصد اور ڈیپ سیک 20 فیصد شامل تھے۔
کیسپرسکی کے ماہرین نے ایس ایم بی سیکٹر میں دریافت ہونے والی منفرد نقصان دہ فائلوں کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ ان میں زیادہ تر ٹروجوئیر شامل تھا ۔ ٹروجوئیر خود کو بے ضرر فائلوں کے طور پر ظاہر کرتا ہے تاکہ صارفین دھوکے میں آ کر انہیں انسٹال کر لیں۔ جنوری سے اپریل کے دوران کیسپرسکی کے سلوشنز نے ایسے تقریباً 4 لاکھ 15 ہزار حملوں کو بلاک کیا۔ کیسپرسکی کے سکیورٹی ماہر واسیلی کولیسنیکوف کا کہنا ہے کہ حملہ آور نت نئے طریقے اختیار کر رہے ہیں اس لیے ایس ایم بی ملازمین سمیت تمام صارفین کو انٹرنیٹ سے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرتے وقت انتہائی احتیاط برتنی چاہیے ، ویب سائٹس کے درست ہجے اور مشکوک ای میلز میں موجود لنکس کی اچھی طرح جانچ کرنی چاہیے اور مضبوط سکیورٹی سلوشنز استعمال کرنے چاہئیں ۔