عمرکوٹ:کنری میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق
علی حسن، محمد حسنین کی رات کوکھانا کھانے ، دودھ پینے کے بعد طبیعت بگڑی کنڈیارو میں زہریلی آئس کریم کھانے سے گھر کاسربراہ، 5بچے بیہوش، ایک ہلاک
عمرکوٹ، کنڈیارو (دنیا نیوز، نمائندہ دنیا)عمر کوٹ میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے ، جبکہ کنڈیارو میں زہریلی آئس کریم کھانے سے ایک بچہ جاں بحق اور گھر کے سربراہ سمیت 4 بچے بیہوش ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق عمر کوٹ کی تحصیل کنری کے قریب گاؤں حیات گپنہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بھائی جاں بحق ہو گئے ۔ ورثا کے مطابق دونوں بچوں کی رات کھانا کھانے اور دودھ پینے کے بعد اچانک طبیعت بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ 10 سالہ علی حسن تعلقہ ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا، 12 سالہ محمد حسنین کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی جاں بحق ہو گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر کنڈیارو کی کچی آبادی میں مضرصحت آئسکریم کھانے سے گھر کے سربراہ اکبر علی اور پانچ بچے بے ہوش ہوگئے ۔بے ہوش ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک 3سالہ بچے ساحل کے فوت ہونے کی تصدیق ہوئی۔ بیہوش ہونے والوں میں سات سالہ حسنین پانچ سالہ حسین و دیگر کو گمبٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق بچوں نے گلی میں رکشے سے آئسکریم خرید کر کھائی تھی۔فوڈ پائزن اور محکمہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے ۔