گل پلازہ:تحقیقات پر پراسیکیوشن کے اعتراض دور نہ کیے جا سکے

گل پلازہ:تحقیقات پر پراسیکیوشن کے اعتراض دور نہ کیے جا سکے

کراچی (سٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات پر پراسیکیوشن کے اعتراضات دور نہ کیے جا سکے ، پولیس نے مقدمے کا چالان تیسری بار بھی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بغیر جمع کرا دیا۔

قائم مقام ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبدالرزاق گجر نے چالان عدالت میں پیش کر دیا، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی عاصم اسلم چالان کی منظوری سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ سانحہ گل پلازہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ پولیس نے پراسیکیوشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات دور کیے بغیر تیسری مرتبہ چالان جمع کرایا، تاہم اس بار بھی چالان کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منسلک نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے پہلے بھی رپورٹ منسلک نہ کرنے پر دو مرتبہ چالان پولیس کو واپس کردیئے تھے ۔

چالان کے مطابق مقدمے میں گل پلازہ مارکیٹ یونین کے صدر تنویر پاستا، نائب صدر عمار اسماعیل، سیکریٹری محمد امین، جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان، دکاندار نعمت اللہ اور اس کے کم عمر بیٹے حذیفہ کو ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ کم عمر ملزم حذیفہ کے خلاف جوینائل قوانین کے تحت علیحدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف قتل بالسبب، غفلت کے باعث نقصان پہنچانے ، آتشزدگی سے نقصان اور املاک کو نقصان پہنچانے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ چلانے کی سفارش کی ہے ۔ عدالت پولیس چالان کی منظوری سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں