پاکستان کو سیاسی انتقام نہیں استحکام کی ضرورت:اسد قیصر

پاکستان کو سیاسی انتقام نہیں استحکام کی ضرورت:اسد قیصر

بشریٰ بی بی، یاسمین راشد ، اعجاز چودھری کو طبی بنیادوں پر رہا کیا جائے بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر غیر ضروری پابندیاں بھی ختم کی جائیں:بیان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے بشریٰ بی بی، یاسمین راشد اور اعجاز چودھری بزرگ اور علیل ہیں، ان کی صحت مسلسل خراب ہونے کی اطلاعات کے باوجود انہیں طویل عرصے سے قید میں رکھا گیا ہے ، اگر حکومت واقعی انسانی حقوق اورخواتین کے تحفظ کی دعویدار ہے تو انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر ان کی فوری رہائی اور مناسب علاج یقینی بنایا جائے ،آج پاکستان کو سیاسی انتقام نہیں بلکہ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘‘ایکس’’ پراپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کئی ماہ سے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے مسلسل خدشات سامنے آ رہے ہیں،ان کی اہلِ خانہ، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر غیر ضروری پابندیاں ختم کی جائیں ،جب تک ملک میں انصاف، قانون کی بالادستی اور سیاسی مفاہمت کا ماحول پیدا نہیں ہوگا سرمایہ کاری آئے گی نہ ہی عوام کے مسائل کم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو دبانے کی پالیسی نے ملک کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچایا ، ہر صاحبِ اختیار کو یاد رکھنا چاہیے کہ قانون اور انصاف سب کیلئے برابر ہونا چاہیے کیونکہ آج جو اختیار میں ہے کل اسے بھی اسی انصاف کے ترازو میں کھڑا ہونا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں