اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع
غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور دیگر معاملات پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا رہائی کے بعد کارکنوں کی پراسرار اموات کی تحقیقات کرائی جائیں:معین ریاض
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،سیاسی نمائندہ ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی۔ اپوزیشن لیڈر معین الدین ریاض، شیخ امتیاز، رانا شہباز اور فرخ جاوید مون کی جانب سے جمع کروائی گئی ریکوزیشن میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، خواتین خصوصاً غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ ، جیل اصلاحات، سیاسی کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک، پی ٹی آئی قیادت کی صحت اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں حالت اور علاج معالجے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
ریکوزیشن کے مطابق پنجاب میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم، ریپ، ہراسگی، اغوا، قتل، ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم نے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ۔ اپوزیشن لیڈر معین الدین ریاض نے کہا کہ دو غیر ملکی خواتین کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعے نے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، جیلوں میں سیاسی کارکنوں، بالخصوص خواتین کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات تشویشناک ہیں ،عمران خان کو جیل رولز، عدالتی احکامات کے مطابق سہولیات اور علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، جیل سے رہائی کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی پراسرار اموات، مبینہ تشدد کے الزامات پر مکمل اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں،ان معاملات پر ایوان کا فوری اجلاس ناگزیر ہے ۔