بلوچستان :صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران برطرف
وزیراعلیٰ نے دو روز قبل کھیتران کی برطرفی کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی گورنر کی منظوری کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو برطرف کر دیا سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی)نے گورنر بلوچستان کی منظوری کے بعد برطرفی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے دو روز قبل آئین کے آرٹیکل 132 کی ذیلی شق 3 کے تحت عبدالرحمان کھیتران کی برطرفی کی سمری منظوری کیلئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل کو ارسال کی تھی منظوری ملنے کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے انہیں وزارت سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا کھیتران کے پاس محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان تھا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور عبدالرحمان کے درمیان کچھ عرصے سے مختلف سیاسی اور انتظامی معاملات پر اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے ، عبدالرحمان کھیتران نے نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام سے متعلق فیصلوں خصوصاً ویسٹ ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور بارکھان کے اضلاع پر مشتمل نئے تشکیل دئیے گئے کوہ سلیمان ڈویژن کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ نے چند ماہ قبل ڈیرہ بگٹی کو تقسیم کر کے اپنے آبائی علاقے بیکڑ کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی کے نام سے نئے ضلع کا درجہ دیا تھا ، عبدالرحمان کھیتران نے اپنے آبائی ضلع بارکھان کے بعض علاقوں کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی میں شامل کیے جانے کی بھی مخالفت کی تھی ، رپورٹ کے مطابق رابطہ کرنے پر عبدالرحمان کھیتران نے برطرفی کے معاملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت یورپی ملک یونان کی سیر سے لطف اندوز ہو رہا ہوں انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر وہ اس حوالے سے بات کریں گے ۔