سینیٹ قائمہ کمیٹی کااجلاس،سول سرونٹس ترمیمی بل منظور
ڈپوٹیشن کی 5سالہ حد سے تجاوز پر بحث، پے سکیلز پر نامکمل معلومات پر اظہار برہمی
اسلام آباد (اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر رانا محمود الحسن کی صدارت میں ہوا، جس میں سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2026 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے ۔ اجلاس میں ڈپوٹیشن (دوسرے محکموں میں تعیناتی) کی 5 سالہ حد سے تجاوز اور اس کی پالیسی کو ریگولیٹ کرنے پر بحث کی گئی، جس پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے قواعد پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی تاہم سپیشل اور پراجیکٹ پے سکیلز پر نامکمل معلومات دینے پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایجنڈا موخر کر دیا۔
اجلاس کے دوران اوگرا کے مانیٹرنگ سسٹم اور صارفین کی شکایات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ایک گیس صارف کے میٹر کو بل نہ ملنے کے باوجود اکھاڑنے اور اوگرا کی انکوائری میں گیس کمپنی کی حمایت کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے چیئرمین اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس کا خود جائزہ لے کر دو ہفتوں میں صارف کو انصاف فراہم کریں۔ اس کے علاوہ، پٹرول پمپوں پر راتوں رات آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی الحاق تبدیلی کو روکنے کے لیے اوگرا کو فریقین کی مشاورت سے جامع پالیسی بنانے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر اسلام آباد کے حالیہ واقعے میں شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔