پہلی بار ریلوے نے 115 ارب روپے ریونیو کمایا:حنیف عباسی
80 پاور پلانٹ آئندہ سال ریلوے میں شامل ہو جائیں گے ، ٹرینوں کی نجکاری جاری
لاہور، اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی ،آئی این پی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،ملکی تاریخ میں 78 برسوں کے د وران پہلی بار سال 2025-26 میں ریلوے نے 115ارب روپے کمائے ، 80 پاور پلانٹ 23 مارچ تک پاکستان ریلوے میں شامل ہو جائیں گے ، پرائیویٹائز کی گئی پانچ ٹرینوں سے تین ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا دیگر ٹرینوں کی نجکاری کا عمل بھی جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلویز ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے نے مسافر ٹرینوں سے ساڑھے 50 ارب ، فریٹ سے 41 ارب ، پراپرٹی اینڈ لینڈ سے 12 ارب ،کمرشل سے 2 ارب روپے اور سکریپ سے 2 ارب روپے کمائے ،گڈ گورننس کی بدولت ریلوے انکم میں بتدریج اضافہ ہوا ، ڈیجیٹائز یشن کا پہلا فیز رواں سال30 جون کو مکمل کر لیا گیا ہے ،دوسرا فیز31 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون، ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری منصوبے ناگزیر ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے پر بات چیت جاری ہے ۔