بہرے افراد بھی ڈرائیونگ لائسنس کے اہل، اسمبلی میں ترمیمی بل

بہرے افراد بھی ڈرائیونگ لائسنس کے اہل، اسمبلی میں ترمیمی بل

40 ڈی بی تک سماعتی کمی پر ہیئرنگ ایڈ کیساتھ لائسنس جاری کرنے کی سفارش لائسنس فیس ختم،تھرڈ پارٹی انشورنس کی تجویز، گاڑیوں پر مخصوص سٹیکر لازمی

 لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں سماعت سے محروم افراد کے ڈرائیونگ لائسنس بھی بنیں گے ، قوانین میں تبدیلیوں کیلئے بڑی تجاویز پیش کر دی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ پروونشل موٹر وہیکلز (فورتھ امینڈمنٹ)بل 2025 کا مقصد خصوصی افراد کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نظام زیادہ آسان، محفوظ اور مو ثر بنانا ہے ۔موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کا نفاذ،متاثرہ فرد کیلئے 7 لاکھ روپے تک معاوضہ طے ،مجوزہ ترامیم کے تحت 40 ڈی بی تک سماعت سے (ہلکی سے درمیانی درجے تک کی کمی)محروم افراد کو ہیئرنگ ایڈ کے استعمال کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ کم از کم درمیانی درجے کی سماعتی کمی کی صورت میں حکومت سے منظور شدہ معاون ٹیکنالوجی کا استعمال لازمی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے ،سماعت سے محروم امیدوار کا ڈرائیونگ ٹیسٹ ایگزامینر یا مترجم کی موجودگی میں لینے کی تجویز بھی شامل ہے ۔ ایسے افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کی فیس ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔مجوزہ قانون میں یہ بھی تجویز ہے کہ سماعت سے محروم ڈرائیورز کی گاڑیوں پر مخصوص شناختی سٹیکر لگانا لازمی ہوگا، انہیں ایمرجنسی گاڑیاں چلانے کے لائسنس کے اجرا سے مستثنیٰ رکھا جائے گا،مزید برآں معذوری کی قانونی تعریف میں سماعت سے محروم افراد کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔حکومتی مو قف کے مطابق مجوزہ ترامیم کا بنیادی مقصد خصوصی افراد کو محفوظ اور مساوی مواقع فراہم کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو مزید قابلِ رسائی بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں