26نومبراحتجاج کیس:علیمہ کے دفاع میں گواہ پیش،بیان قلمبند
یو ایس بی اور فوٹو کاپیز پر پراسیکیویشن کا اعتراض،وکیل صفائی کودلائل کی ہدایت 9 مئی مقدمات میں علیمہ خان،اسدعمر،سواتی و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور،راولپنڈی (کورٹ رپورٹر،خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں ملزمہ علیمہ خان کو اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے کی اجازت دے دی ۔جس پرعلیمہ خان کی جانب سے فتح اللہ برکی نے بطور گواہ بیان ریکارڈ کرواد یا، ملزمہ کے گواہ کی جانب سے عدالت میں پیش یو ایس بی اور فوٹو کاپیز پر پراسیکیویشن نے اعتراض اٹھایا ، جس پر عدالت نے وکیل صفائی کو پراسیکیوشن کے اعتراض پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے سماعت آج تک ملتوی کر دی،ادھرلاہورکی انسداددہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں علیمہ خان ، عظمیٰ خان،اسد عمر،فواد چودھری ،اعظم سواتی اور مسرت چیمہ کی عبوری ضمانت میں 5 ستمبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے علیمہ خان اور اسد عمر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔