ہائیکورٹ:کمزور نیٹ ورک پرموبائل کمپنیز،پی ٹی اے کو نوٹس

 ہائیکورٹ:کمزور نیٹ ورک پرموبائل کمپنیز،پی ٹی اے کو نوٹس

کورٹس میں فوری رابطہ نہیں ہوپاتا، وکلا اور سائلین کو مشکلات :درخواست گزار عدالتوں کا کام سست ہو رہا ،درخواست میں اٹھائے نکات قابلِ غور ہیں:حکم نامہ

   اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ اور ضلعی عدالتوں میں موبائل نیٹ ورکس کمزور ہونے اور سائلین کی مشکلات سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست پر موبائل کمپنیز اور پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیوزم کی درخواست پر حکم جاری کیا،جوڈیشل ایکٹیوزم کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے پیروی کی، حکمنامہ میں عدالت نے سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد ، پی ٹی اے اور تمام موبائل کمپنیز کو جواب کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ درخواست گزار نے عدالت میں مفاد عامہ کا اہم سوال اٹھایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا اعلیٰ عدلیہ اور ضلعی عدالتوں کے احاطے میں موبائل نیٹ ورک کا نظام ٹھیک نہیں،عدالتوں میں موبائل نیٹ ورک سگنل بہت کمزور ہے یا بالکل سروس نہیں آتی،وکلا اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کورٹ کے دوران فوری رابطہ نہیں ہو پاتا، حکم نامہ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ عدالتوں کا کام سست ہو رہا ہے انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے ،درخواست میں اٹھائے نکات قابلِ غور ہیں، اسٹیٹ اور پرائیویٹ فریقین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے ،سٹیٹ کونسل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے حکومت کی طرف سے نوٹس وصول کر لیا،آفس کو ہدایت ہے پرائیویٹ فریقین کو سرکاری خرچ پر نوٹس بھیجیں رپورٹس اور پیراوائز کمنٹس طلب کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں