روشن اکاؤنٹس :پاکستانیوں کی ترسیلات 13ارب ڈالر سے متجاوز
جون میں ایسے اکاؤنٹس کے ذریعہ30کروڑ 60لاکھ ڈالرکازرمبادلہ ملک بھیجا گیا گزشتہ ماہ مزید 10ہزار 36آرڈی اے اکاؤنٹس کھلے ،تعداد9لاکھ46ہزارہو گئی
اسلام آباد (اے پی پی)روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکامجموعی حجم 13 ارب ڈالر جبکہ سرمایہ کاری کاحجم 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے جاری اعدادوشمارکے مطابق جون میں سمندر پارپاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ30 کروڑ 60 لاکھ ڈالرکازرمبادلہ ملک بھیجاجس کے بعدستمبر2020سے لیکراب تک ایسے اکاؤنٹس سے ارسال مجموعی ترسیلات زرکاحجم13 ارب 36 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گیا ،مذکورہ مدت کے دوران 2 ارب 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھی منتقل ہوئے ۔
علاوہ ازیں گزشتہ مالی سال کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ اوورسیز پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 2 ارب 50 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوپیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 20فیصدزیادہ ہے ۔اعدادوشمارکے مطابق سمندرپارپاکستانیوں نے گزشتہ ماہ جون میں مزید 10ہزار 36آرڈی اے اکاؤنٹس کھولے اور اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد9لاکھ46ہزار201ہوگئی۔ اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ اوورسیز پاکستانیوں نے دسمبر2020سے لیکراب تک ملک میں مجموعی طورپر 2 ارب 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی، نیاپاکستان روایتی سرٹیفیکیٹس میں 64 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ،نیاپاکستان اسلامی سرٹیفیکیٹس میں 1 ارب 25 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اورپاکستان سٹاک ایکسچینج میں 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ۔