حکومتی کارکردگی کمیٹی کا اجلاس، اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ

 حکومتی کارکردگی کمیٹی کا اجلاس، اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ

ورکنگ گروپس کی سفارشات پر غور کے بعد انہیں حتمی شکل دیدی گئی کمیٹی کی منظور کردہ سفارشات مزید غور کیلئے وزیراعظم کو پیش کی جائینگی

 اسلام آباد (وقائع نگار ،اے پی پی) حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی  زیرِ صدارت حکومتی کارکردگی میں بہتری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں سرکاری نظام کو مزید موثر اور جدید بنانے کے لیے اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پانچ ذیلی ورکنگ گروپس کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا اور انہیں حتمی شکل دے دی گئی۔ ان تجاویز میں وفاقی سیکر ٹریٹ کی تنظیمِ نو، ای آفس کو جدید فیصلہ سازی کے نظام میں تبدیل کرنا، ایم ایس ونگ میں اصلاحات، کارکردگی جائزہ رپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا اور تمام حکومتی اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی کو فروغ دینا شامل ہے ۔کمیٹی کی منظور کردہ سفارشات مزید غور اور منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں پٹرولیم اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے وفاقی وزرا ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، کابینہ، اسٹیبلشمنٹ، اقتصادی اموراور ٹیلی کام کے وفاقی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں