شہباز شریف منتخب وزیراعظم نہیں، ہٹ جانا چاہیے ،مفتاح اسماعیل

شہباز شریف منتخب وزیراعظم نہیں، ہٹ جانا چاہیے ،مفتاح اسماعیل

کراچی کی حالت جنگ زدہ شہروں سے زیادہ خراب ہے ،گفتگو، پریس کانفرنس

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوام پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم کو ہٹ جانا چاہئے ۔ مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف منتخب وزیراعظم نہیں ہیں۔ کراچی میں اپنی پریس کانفرنس کو رسمی طور پر ختم کرنے کے بعد عوام پارٹی کے سیکرٹری جنرل مفتاح اسماعیل نے کچھ صحافیوں کے ساتھ مزید باتیں کیں۔ پریس کانفرنس ختم کرنے کے بعدسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا کہ وزیراعظم شہباز شریف تو منتخب وزیراعظم نہیں ہیں، ان کو ہٹ جانا چاہئے ۔ مفتاح اسماعیل سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم کو کون ہٹا سکتا ہے ۔مفتاح اسماعیل نے اس سوال کا جواب یہ دیا کہ وزیراعظم کو حاکم وقت ہٹا سکتا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ مفتاح اسماعیل نے محسن نقوی کے متعلق سوال کا جواب کیوں نہیں دیا، مفتاح اسماعیل نے اس سوال کا جواب یہ دیا کہ میں محسن نقوی پر بات نہیں کروں گا ۔ مجھے ڈر لگتا ہے کہ پولیس گھر پر آئے گی۔مجھے رات کو پولیس والوں سے مار کھانا اچھا نہیں لگتا ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا جو چیز چار سال پہلے 100 روپے کی ملتی تھی وہ اب 178 روپے کی ملتی ہے ۔ ہر دس میں سے تین پاکستانیوں کو ماہانہ 9 ہزار روپے بھی میسر نہیں ہیں۔ہرسال غربت بڑھ رہی ہے ۔ پچھلے 60 سالوں میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کم ترین سطح پر ہے ۔

مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا کہ وزیر خزانہ اورنگزیب صاحب کو کام کرنے سے روکا جاتا ہے ۔ ان کو اسحاق ڈار صاحب روکتے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں 21 دن کا اور جنگ کے وقت 28 دن کا تیل تھا۔آئل مارکیٹنگ کمپنییوں نے جنگ سے پہلے جنوری میں تیل خریدا تھا۔ فروری میں تیل کی قیمتیں غلط بڑھائی گئیں۔قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پانچ سال سے زیرِ تعمیر یونیورسٹی روڈ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور نااہلی کی واضح مثال بن چکی ہے ۔ کراچی کی حالت جنگ زدہ شہروں سے زیادہ خراب ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کو نظر انداز کیا گیا اور اسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں