پنجاب :سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 نشستیں بڑھانے کی منظوری
پہلے میڈیکل کالجز میں سیٹیں3476 تھیں،اب تعداد بڑھ کر4241 ہو گئی اقدام ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا:وزیر صحت خواجہ سلمان
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 نئی نشستوں میں اضافے کی منظوری دے دی ۔ پی ایم ڈی سی کے اس حوالے سے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا، حکومتِ پنجاب نے یہ درخواست 2025 میں جمع کروائی تھی اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی خصوصی کاوشوں کے بعد منظوری ممکن ہو سکی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پہلے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں سیٹوں کی کل تعداد 3476 تھی جو 475 نشستوں کے اضافے سے بڑھ کر 3951 ہو گئی۔
اسی طرح میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی سیٹوں کو ملا کر مجموعی تعداد پہلے 3766 تھی اوراب یہ تعداد 4241 ہو گئی ہے ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نشستوں میں اضافے کے بعد پنجاب کے میڈیکل کالجز میں زیادہ طالبعلموں کو میڈیکل کی تعلیم کے مواقع حاصل ہوں گے ، نشستوں میں اضافے کیلئے سیکرٹری صحت عظمت محمود اور ان کی ٹیم کی خصوصی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے بھی مشکور ہیں، یہ اقدام پنجاب میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments