مولانا کا بیان شہداء کی توہین قرار،وفاقی وزراء یک زبان ہو گئے
شہداء کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا اخلاقی بے حسی :خواجہ آصف،رانا ثناء قوم کا دل دکھا یا :حنیف عباسی ،قومی مفادسیاست سے بالاتر ہونا چاہیے :خالد مقبول
اسلام آباد(دنیا نیوز)سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمن کے شہداء پاک فوج بارے بیان کے خلاف وفاقی وزراء خواجہ آصف ،احسن اقبال،حنیف عباسی ،طارق فضل چودھری اور دیگر یک زبان ہوگئے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے مولانا کے حالیہ بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار دیتے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے ، شہداء کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے رد عمل میں کہا کہ فوجی جوانوں کی بے مثال قربانی کو محض تنخواہ کا معاوضہ قرار دینا نا انصافی ہے ، مولانا صاحب!آپ کے حالیہ بیان سے نہ صرف میرے بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا نام لئے بغیر ان کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل میں کہا کہ شہادت مقصود و مطلوبِ مومن ہے ، یہ راز ہم دنیا داروں، تنخواہ داروں کی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کی فوج صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ قوم کے وقار، سلامتی اور بقاء کی علامت ہے ،شہداء کے لہو سے لکھی تاریخ کسی سیاسی بیان، طنز یا تمسخر سے مٹ سکتی ہے نہ ہی ان عظیم قربانیوں کی قدر کم کی جا سکتی ہے ۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے پوری قوم کا دل دکھا دیا،قوم اپنے شہداء اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ قومی مفاد ہر سیاسی مفاد سے بالاتر ہونا چاہیے ، زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء اور قومی ہیروز کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں ،تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے ایسے بیانات سے گریز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments