بنوں:سی ٹی ڈی ،پولیس کا آپریشن، 5دہشتگرد ہلاک
میریان پولیس سٹیشن کے قریب دھماکا، فائرنگ کا تبادلہ،1 اہلکار شہید آپریشن شعبان میں مزید 3خوارج ہلاک، تعداد 91 ہوگئی،مجموعی129
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے آپریشن میں 5دہشت گرد مارے گئے ،بنوں کے علاقے گلبہار، تھانہ حوید کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم اور مقامی پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے جوابی کارروائی کی، تقریباً 40منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، اس دوران 5دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد دہشت گرد فرار ہوگئے ،پولیس کی اضافی نفری نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ،فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا ضلع بنوں میں میریان پولیس سٹیشن کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ڈی پی او بنوں فرقان بلال کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ۔ بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان جاری ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 3 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دشوار گزار علاقوں میں دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ، 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments