لاہور : روٹی 25، نان 35 کا فروخت،قیمتوں پر تنازع برقرار

لاہور : روٹی 25، نان 35 کا فروخت،قیمتوں پر تنازع برقرار

حکومت نئی قیمتیں تسلیم کرے ،ورنہ تندور بند کر دینگے :نان بائیوں کی دھمکی کراچی میں آٹا فروشوں کی ہڑتال،پشاور،کوئٹہ میں بھی روٹی مہنگے داموں فروخت

لاہور،کراچی،پشاور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)لاہور میں روٹی 9 روپے اضافے کے ساتھ 25 جبکہ نان 10 روپے اضافے کے  ساتھ 35 روپے میں فروخت کیا جا رہا جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے درمیان روٹی قیمت کا تنازع برقرار ہے ، پنجاب حکومت روٹی نان کی نئی قیمت طے نہ کر سکی ۔ادھر کراچی میں آٹا فروشوں کی گرفتاریوں اور جرمانوں کے خلاف ہول سیل تاجروں نے ہڑتال کردی، پشاور ،کوئٹہ میں بھی روٹی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت کیا جارہا۔نان بائیوں کا موقف ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے تک پہنچ چکا، پرانی قیمتوں پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں،اگر حکومت نے نئی قیمتیں تسلیم نہ کیں تو تندور بند کر دئیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے قیمتوں کے معاملہ پر کل ہفتہ کو اجلاس طلب کر لیا جس میں روٹی کی قیمت 25 اور نان کی 35 روپے کرنے کا اعلان ہو گا۔ نان بائی ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر آفتاب گل نے کہا ہے کہ گندم 4,500 روپے فی من ، 15 کلو کا تھیلا 2,000 روپے سے تجاوز کرچکا ، ایسے حالات میں سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں ۔

دوسری طرف ضلعی انتظامیہ لاہور کا کہنا ہے 120 گرام روٹی کی قیمت 17 روپے اور نان کی قیمت 30 روپے مقرر ہے ،زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی ۔دریں اثناء کراچی میں چکی آٹا 160 سے 170 روپے فی کلو فروخت ہو رہا جبکہ سرکاری نرخ 125 روپے فی کلو مقرر ہیں، شہر میں 20 روپے والی روٹی 25 اور 25 والا نان 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا جبکہ کراچی میں آٹا فروشوں کی گرفتاریوں اور جرمانوں کے خلاف ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث ہول سیل مارکیٹیں بند رہیں ۔دریں اثنا پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3000 روپے تک پہنچ چکی ،وہاں روٹی 20کی بجائے 30 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے میں فروخت ہو رہا جبکہ تندوروں پر سنگل روٹی 40 اور ڈبل روٹی 80 روپے میں دستیاب ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...