سندھ ہائیکورٹ : لاپتا افراد تلاش کرکے پیش کرنے کا حکم
6اگست تک مختلف مقدمات میں تفصیلی پیش رفت رپورٹ بھی طلب بازیاب ہونیوالی لڑکی صوفیہ کے معاملے میں تحقیقات کرنے کی ہدایت
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے 15لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے پولیس کو گمشدہ افراد کو تلاش کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مختلف مقدمات میں 6اگست تک تفصیلی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی، جبکہ بازیاب ہونے والی کم عمر لڑکی صوفیہ کے معاملے میں مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دو سگے بھائی خالد خان اور بہادر خان ڈیفنس کے علاقے سے لاپتا ہیں، دونوں بھائی گورکن کا کام کرتے تھے ،وکیل کے مطابق پہلے ایک بھائی لاپتا ہوا اور بعد ازاں دوسرے کو بھی غائب کردیا گیا، ایک اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یحییٰ انصار محمود آباد سے لاپتا ہے ، سید شہاب سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد باہر نکلا تو چند افراد اسے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ، عدالت نے تمام لاپتا افراد سے متعلق کیسز میں پولیس کو پیشرفت تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے 6 اگست تک تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments