کشمیر امن جرگہ کاموجودہ بحران پر قومی فیکٹ فائنڈنگ مشن کا مطالبہ
اداروں ، ایکشن کمیٹی میں مذاکرات پر اطمینان ، شفاف الیکشن کے انعقاد پر زور معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے ،اعلامیہ،فریقین تحمل کامظاہرہ کریں ،لیاقت بلوچ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں ہونے والے کشمیر امن جرگہ نے حکومت اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاملات پر فوری عملدرآمد، آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے جائزے کے لیے غیرجانبدار قومی فیکٹ فائنڈنگ مشن کے قیام اور 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ جرگہ نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم اور اداروں اور ایکشن کمیٹی میں مذاکرات کی اطلاعات پر اطمینان کااظہار کیا ہے ۔ شرکا ئے جرگہ نے حکومت پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، سیاسی تدبر اور عوامی اعتماد کی بحالی میں مضمر ہے۔ امن جرگہ کے مقررین اور اہم شرکا میں میاں محمد اسلم، عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود، راجہ جہانگیر خان، شکیل احمد ترابی، علامہ امتیاز احمد صدیقی، حریت رہنما جاوید مقبول بٹ، بریگیڈیئر (ر) الطاف، سابق بیوروکریٹ محمد سلیم بسمل، اوورسیز کشمیری رہنما سردار ذوالفقار روشن، تنویر احمد خان، پیر ڈاکٹر سلطان العارفین اور تاجر رہنما مسعود رضا شامل تھے ۔
اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا جرگہ قومی قیادت، آزاد کشمیر کی قیادت اور ریاستی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تمام کوششوں کا مقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا ہے ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور مقتدر اداروں کے درمیان مذاکرات کی اطلاعات حوصلہ افزا ہیں ۔ تمام فریق تحمل، بردباری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا طے شدہ معاہدوں پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے ، حکومت پاکستان، حکومت آزاد کشمیر، ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی پر زور دیا گیا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کو یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments