لڑائی خطرناک مرحلے میں داخل:پہلی بار پلوں،ریلوے سٹیشن،ہوائی اڈے پر امریکی حملے:کویت،قطر اور بحرین میں ایران کے جوابی وار

لڑائی  خطرناک  مرحلے میں داخل:پہلی بار پلوں،ریلوے سٹیشن،ہوائی اڈے پر امریکی حملے:کویت،قطر اور بحرین میں ایران کے جوابی  وار

بندر خمیر میں 7 شہید، ایران نے عمان میں امریکی راڈار سٹیشن ،شام میں التنف فوجی اڈے کو نشانہ بنایا، کویت میں متعد فوجی زخمی، بجلی اور پانی کے پلانٹس کو نقصان پہنچا امریکی فوج نے پٹرولیم ٹینکر پر میرینزاتاردئیے ،ہرمز سے گزرنے والے تھائی لینڈ کے جہاز پر حملہ،یمن کے قریب مسلح افراد نے کیمیکل ٹینکر قبضے میں لے لیا،تیل مزید مہنگا

تہران ،واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکا اور ایران کے درمیان جاری لڑائی شدید ترین مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور اب دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے اہم بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ، جس سے وسیع تر علاقائی جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام )نے پہلی بار ایران کے فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جنوبی ایران میں کم از کم 5 پُلوں پر بمباری کی گئی ہے ۔ بندر خمیر کی بندرگاہ پر واقع ایک ریلوے سٹیشن اور پُل پر ہونے والے حملوں میں 7افراد شہید ہوئے ، جبکہ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع شہر ایرانشہر میں ایک ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے ان حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایران نے کویت، قطر اور بحرین پر میزائل اور ڈرون داغے ، جبکہ عمان میں ایک امریکی راڈار سٹیشن اور شام میں واقع التنف فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا۔ایران کی جانب سے کویت میں ایک اہم بجلی اور پانی کو صاف کرنے والے (ڈی سلینیشن) پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث وہاں شدید آگ لگ گئی اور کئی پروڈکشن یونٹس معطل ہو گئے ۔ کویتی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ہنگامی صورتحال میں بجلی کا استعمال انتہائی کم کریں۔

کویتی فوج نے بعد میں جاری کردہ ایک بیان میں مزید بتایا کہ فوجی تنصیبات اور کیمپوں پر ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں متعدد کویتی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ریگستانی خلیجی ممالک کیلئے یہ پلانٹس زندگی کی لکیر کی حیثیت رکھتے ہیں،اس سے قبل مارچ میں بھی ایسے ہی ایک پلانٹ پر حملے کے بعد دونوں فریقین جنگ بندی پر مجبور ہوئے تھے ۔امریکی فوج نے ناکہ بندی سخت کرتے ہوئے ایک پٹرولیم ٹینکر پر اپنے میرینز اتارے ، جس کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ دوسری طرف ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تھائی لینڈ کے جہاز کو نشانہ بنایا ہے ۔خلیجِ عدن (یمن کے قریب) میں بھی مسلح افراد نے ایک کیمیکل ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا،جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ صومالی قزاقوں کی کارروائی ہو سکتی ہے یا ایران کے حامی حوثی جنگجو قزاقوں کی مدد کر رہے ہیں۔ ایران نے واشنگٹن کو دھمکی دی ہے کہ اگر انفراسٹرکچر پر حملے نہ رکے تو وہ حوثیوں کے ذریعے بحیرہ احمر کی اہم آبنائے باب المندب کو بھی بند کروا سکتا ہے ۔ جنگ تیز ہونے کی خبروں کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ مسلسل تیسرے ہفتے بھی اضافے کی جانب گامزن ہے ۔ اس کے برعکس وال سٹریٹ سمیت عالمی شیئر بازاروں میں شدید مندی دیکھی گئی۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شہری انفراسٹرکچر پر ہونے والے ان حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...