بنوں:سکیورٹی فورسز کے آپریشن،بھارتی حمایت یافتہ24خوارج ہلاک

بنوں:سکیورٹی  فورسز  کے  آپریشن،بھارتی  حمایت  یافتہ24خوارج  ہلاک

مارے گئے دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت مختلف کارروائیوں میں ملوث، اسلحہ گولہ بارود برآمد معصوم شہریوں کو نشانہ بنانیوالے رعایت کے مستحق نہیں،دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح:صدر ،وزیراعظم

راولپنڈی،اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 24خوارج ہلاک کر دئیے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس  پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے تناظر میں سکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ، یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے ۔بیان کے مطابق علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان گھناؤنے اور بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا ئے گا ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا مظہر ہے ،معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے ناسور اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا بنوں آپریشن کی کامیابی ارض وطن کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...