مولانا کیساتھ وعدے فراموش،شکایت کرنا انکا حق :نجم سیٹھی
جذبات میں ایک جملہ کہہ گئے ، اسی پر پوری مہم چل پڑی، اصل بات نظرانداز کر دی گئی ہر سیاستدان اپنے وقت پر اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتا رہا :"آج کی بات، سیٹھی کے ساتھ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جذبات میں ایک ایسا جملہ کہہ گئے جس پر اسٹیبلشمنٹ خوش نہیں، اسی وجہ سے ان کے خلاف مہم شروع ہو گئی، حالانکہ ان کی اصل بات کو نظرانداز کر دیا گیا۔ دنیا نیوز کے پروگرام "آج کی بات، سیٹھی کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مولانا وضاحت کر دیں کہ ان کی مراد شہدا کی بے حرمتی نہیں تھی تو تنازع ختم ہو سکتا ہے ، کیونکہ ان کی زبان پھسل گئی تھی اور ان کا مقصد وہ نہیں تھا جو لیا گیا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ آئینی ترامیم کے وقت مولانا فضل الرحمان سے تعاون لیا گیا، انہیں صدر بنانے سمیت کئی وعدے کیے گئے لیکن پورے نہیں ہوئے ، اسی لیے وہ ناراض ہیں۔ ان کے بقول 28ویں آئینی ترمیم بھی رکی ہوئی ہے ، اس لیے مولانا نے محسوس کیا کہ اب اپنی شکایات سامنے لانے کا وقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حکومت کے بڑے حمایتی رہے ہیں، اس کے باوجود انہیں نظرانداز کیا گیا، اس لیے شکایت کرنا ان کا حق بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، عمران خان، خواجہ آصف اور محمود خان اچکزئی سمیت تقریباً ہر بڑے سیاستدان نے اپنے اپنے دور میں اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کی اور بعد میں سیاسی رعایت بھی حاصل کی، مگر مولانا فضل الرحمان کو ایسی کوئی رعایت نہیں ملی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments