وفاقی آئینی عدالت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی، چیف جسٹس
آئین ہر شہری کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی انصاف تک رسائی کی ضمانت دیتا ہے انصاف، قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ،جسٹس امین الدین خان
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو مذہب، عقیدے یا پس منظر سے بالاتر ہو کر مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور انصاف تک یکساں رسائی کی ضمانت دیتا ہے ،وفاقی آئینی عدالت ؎آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ و نفاذ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی یومِ انصاف کے موقع پر پاکستان کی مذہبی اقلیتی برادریوں کے 13 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس نے وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان کا دورہ کیا۔ ملاقات میں جسٹس باقر علی نجفی اور رجسٹرار محمد حفیظ اللہ خان بھی موجود تھے ۔ آئی ایم آر ایف کی درخواست پر ہونے والے اس دورے میں مسٹر سیموئیل پیارا کی قیادت میں مسیحی، سکھ، ہندو، سنتن دھرم، بہائی اور کیلاش برادریوں کے نمائندگان شریک ہوئے ۔ملاقات کے دوران آئینی اداروں کے کردار، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد کے اراکین نے عدلیہ پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئینی حقوق کے تحفظ میں وفاقی آئینی عدالت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی یومِ انصاف کے موقع پر اس نوعیت کا تعمیری مکالمہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر وفد کے اراکین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں ،وفاقی آئینی عدالت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ مؤثر رابطے اور بامقصد مکالمے کے فروغ کے ذریعے آئینی شعور، انصاف، مساوات اور قانون کی حکمرانی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments