فیسکو:12ارب کی مبینہ کرپشن،بیرون ملک فرار کی کوشش،2سابق چیفس گرفتار

فیسکو:12ارب کی  مبینہ کرپشن،بیرون ملک  فرار  کی  کوشش،2سابق  چیفس  گرفتار

لاہور ایئر پورٹ پر ایف آئی اے نے خورشید عالم اور احمد سعید کو حراست میں لیا ،5 روزہ ریمانڈ ،صنعت کار میاں ادریس کو بھی باہر جانے سے روکدیا 2007 سے 2015 تک ریکارڈ میں بجلی کے نرخ کم ظاہر کر کے خزانے کو نقصان کا الزام، مقدمہ میں شامل دیگر افراد کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت

فیصل آباد ، لاہور (سٹی رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک )ایف آئی اے نے بڑی کارر وائی کرتے ہوئے نجی ملز انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے 12 ارب روپے سے زائد مالیت کی بجلی چوری کروانے والے فیسکو کے دو سابق چیف آفیسرز کو لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کرلیا۔ جبکہ بیرون ملک سفر کرنے والے نجی ملز کے سی ای او میاں ادریس کو لاہور ائیر پورٹ پر روک لیا گیا اور ان کو واپس گھر بھیج دیا گیا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور روڈ پر واقع نجی ملز کی انتظامیہ اور فیسکو کے بعض سابق افسروں پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007 سے 2015 کے دوران سرکاری ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل کرتے ہوئے بجلی کے نرخ کم ظاہر کیے ، جس سے قومی خزانے کو 12 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے ایف آئی آر نمبر 35/2026 کے تحت انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2)/47 اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34، 109، 409، 419، 420، 467، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کیا ۔

مطابق ملزموں نے مبینہ طور پر باہمی ملی بھگت سے بجلی کی خرید و فروخت کے نظام میں غیر قانونی ردوبدل کیا، فیسکو کو منظور شدہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر بجلی فروخت کی جبکہ بلک پاور کنزیومرز کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کی گئی۔ ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ نجی ملز نے فیسکو سے بھی رعایتی نرخوں پر بجلی حاصل کرکے ناجائز مالی فائدہ اٹھایا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ نجی ملز نے مبینہ طور پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL)کے سامنے خود کو کیپٹو پاور پلانٹ (CPP)جبکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA)کے سامنے سمال پاور پروڈیوسر (SPP) ظاہر کرکے سبسڈی یافتہ گیس اور دیگر مراعات حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر گمراہ کن اور جعلی دستاویزات استعمال کیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے صنعت کار میاں ادریس کو بھی بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ،مقدمہ میں ملوث دیگر افراد اور افسروں کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے اور وہ خود کو تحقیقات کیلئے پیش کریں ۔فراڈ کے مزید کردار تفتیش کے دوران سامنے آ سکتے ہیں۔ عدالت نے دونوں ملزموں خورشید عالم اور احمد سعید خان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...