آزاد کشمیر کا انتخاب کشمیر کاز کے تحفظ کا الیکشن :خواجہ آصف
کشمیری مہاجرین کی قربانیاں ہماری آزادی کی بنیاد ، فراموش نہیں کیا جا سکتا جموں کے مہاجرین نے سیالکوٹ کی تاریخ اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا:خطاب
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیوں کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے اور ہمیں انہی جانوں کے نذرانوں کی بدولت آزادی نصیب ہوئی جنہوں نے اس مقصد کے لیے اپنا خون بہایا۔ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے کئی انتخابات دیکھے ہیں، مگر موجودہ انتخابات ایک منفرد پس منظر میں ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ الیکشن کشمیر کاز سے محبت، کشمیریوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کا الیکشن ہے ، جبکہ سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کا متفقہ امیدوار میدان میں ہوگا۔ کشمیر میں پاکستان کے حق میں نعرہ لگانے والے سینکڑوں نوجوان لاپتا ہوئے اور گھروں کو واپس نہ لوٹ سکے ۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے ۔
گزشتہ چار برسوں میں چار ہزار سے زائد قربانیاں دینے والی پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، جبکہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کرنے والوں کا احترام سب پر لازم ہے ۔ پاکستان کا نام ایران اور امریکا کی جنگ کے تناظر میں بھی بار بار سامنے آ رہا ہے ۔ آزاد کشمیر کا یہ انتخاب تاریخ رقم کرے گا، کیونکہ یہ کشمیری شہداء کے خون کا حق اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی علامت ہے ۔ وہ کسی کو خوش کرنے کے لیے جھوٹ نہیں بولتے ۔ بعض بیرونِ ملک مقیم افراد پاکستان اور پاک افواج کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں، جبکہ وطن کا دفاع کرنے والوں کی عزت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے اور سیالکوٹ کی تاریخ میں جموں کے مہاجرین کی خدمات ہمیشہ سنہرے الفاظ میں لکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments