بارش:چھتیں گرنے ، دیگر واقعات میں 21افراد جاں بحق
گوجرانوالہ میں مسلسل 16 گھنٹے بارش ، حادثات میں 45افراد زخمی بھی ہوئے پختونخوا میں 12 افراد جاں بحق ،کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ،گاڑی دریا میں جا گری
لاہور،گوجرانوالہ ،پشاور(نمائندگان دنیا،دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں )ملک کے مختلف علاقوں میں تباہ کن بارش، چھتیں،دیواریں گرنے ،کرنٹ لگنے سمیت دیگر واقعات میں متعددبچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ،45زخمی ہو گئے ،پنجاب میں 7، آزادکشمیر 1، پختونخوا میں 12اموات ہوئیں۔ گوجرانوالہ میں ایک خاندان کے 2بچوں سمیت 3 افراد، پاکپتن میں 2کمسن بہن بھائی ،نوشہرہ ورکاں اورقصور میں ایک ایک شہری جاں بحق ہو ا ،کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاڑی دریا میں جا گری۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گزشتہ روز کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ، جیل روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، گلبرگ، نشتر ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہونیوالی بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی ہو گئی ۔ادھر گوجرانوالہ میں گزشتہ روز علی الصبح تقریباً 4بجے بارش شروع ہوئی جو مسلسل 16 گھنٹے سے زائد جاری رہی، 250ملی میٹر بارش نے 12سال کا ریکارڈ توڑ دیا، اس دوران محلہ بختے والا میں بارش کے پانی سے گزرنے والے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ نوجوان حنان بٹ کو بجلی کے پول سے کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، اسی طرح نوشہرہ روڈ پر ایک گھر کی بوسیدہ چھت گر نے سے ملبے تلے دب کر 7 سالہ شاہین اور6 ماہ کا شان جاں بحق جبکہ سلمیٰ اور 10 سالہ ثناء زخمی ہو گئیں۔
تحصیل نوشہرہ ورکاں کے علاقہ تتلے عالی میں بارش کے باعث زیرتعمیر رائس ملز کی چھت گرگئی اور ملبے تلے دب کر55 سالہ مزدور محمد یونس موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 26 سالہ ارسلان اور 27 سالہ ثاقب زخمی ہوگئے ۔ نوشہرہ ورکاں کے محلہ اسلام پورہ میں شہری ابراہیم کے گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی ہو گئے ۔ادھر پاکپتن کے نواحی چک دھاونہ نزد 33 ایس پی گاؤں میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 8 سالہ نور فاطمہ اور اس کا 6 سالہ بھائی عثمان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ نسرین بی بی زخمی ہو گئیں ۔اسی طرح پاکپتن کے ہی چک نمبر 75 ڈی میں شدید بارش کے باعث مٹی اور لکڑی سے بنے کچے مکان کی چھت گرنے سے 70 سالہ خاتون سائرہ بی بی زخمی ہو گئی ۔ ادھر قصور کی تحصیل چونیاں کے علاقہ تلونڈی میں محلہ فیصل آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 16 سالہ سعدیہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہو گئی ۔ الٰہ آباد کے نواح میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 45 سالہ نسرین زوجہ مصطفی اورایک بچی زخمی ہوگئی ۔ علاوہ ازیں منڈی بہاؤلدین میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف حادثات میں 4 خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ تحصیل گوجرہ کے ڈفر گاؤں سمیت دیگر علاقوں میں 4 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ ، مانسہرہ سمیت دیگر اضلاع میں گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے ،سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث 12 افراد جاں بحق 15 زخمی ہوگئے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہے ،تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ 1 گھر مکمل منہدم ہوا۔ علاوہ ازیں نوشہرہ میں سیلابی ریلے میں محصور 12 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا،مانسہرہ میں سیلابی ریلے کے باعث 3 رابطہ پل بہہ گئے جس سے مانسہرہ درمیانہ گاؤں کا کاغان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ کاغان اور ناران میں شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں ۔پشاور میں رات بھر بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جو 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی علاقوں میں بحال نہ ہوسکی ۔ تحصیل رستم اور گردونواح کے ندی نالوں میں طغیانی آنے سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔دیر لوئر میں دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی،شدید بارشوں سے بالائی علاقوں کی متعدد رابطہ سڑکیں بہہ گئیں جبکہ بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب نوشہرہ میں 14 گاڑیاں سیلابی پانی میں پھنس گئیں ،ریسکیو ٹیموں نے تمام گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں ریسکیو ون ون ٹو ٹو کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اورنالہ لئی و دیگر نشیبی علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ آزادکشمیر کے د ارالحکومت مظفر آباد کے علاقہ کاہوڑی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر سیاحوں کی گاڑی دریائے نیلم میں جا گری ،ایک سیاح کو بچا لیا گیا جبکہ دوسرا لاپتہ ہو گیا،گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں بارشی پانی سے بھرے جی ٹی روڈ سے ملحقہ انڈر پاس میں گر کر محلہ ہجویری کا رہائشی کم عمرلڑکا محمد حسین ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے کئی گھنٹوں کے سرچ آپریشن کے بعد پانی سے لاش برآمد کر لی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments