این ایچ اے منصوبے ،بجٹ تقسیم کا آئندہ اجلاس میں جائزہ

 این ایچ اے منصوبے ،بجٹ تقسیم کا آئندہ اجلاس میں جائزہ

قومی اہمیت کے منصوبوں کیلئے فنڈز فراہمی کا طریقہ کار بھی زیر غور آئیگا، سینیٹ کمیٹی موٹروے وائرل ویڈیو پر افسر معطل ، انکوائری جلد مکمل کر لی جائیگی، آئی جی

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بجٹ کی تقسیم اور مالی وسائل کی کمی کا آئندہ اجلاس میں تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قومی اہمیت کے منصوبوں کیلئے مالی وسائل اور فنڈز فراہمی کا طریقہ کار بھی زیر غور آئے گا ۔چیئرمین سینیٹر پرویز رشید کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے ، شاہراہوں کی حفاظت اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ چترال، بلوچستان، سی پیک سے متعلق شاہراہوں اور کراچی،بیلہ روڈ کے معاملات سوالات کے محرکین کی عدم موجودگی کے باعث مؤخر کر دئیے گئے ۔ کمیٹی نے موٹروے پر ایک جوڑے کی مبینہ غیراخلاقی سرگرمی سے متعلق وائرل ویڈیو کا بھی جائزہ لیا۔

انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس نے بتایا کہ واقعہ 16 جولائی کو پیش آیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موٹروے پولیس کے ضابطہ کار میں ‘‘مورل پولیسنگ’’ شامل نہیں۔ واقعے میں ملوث افسر کو معطل کر دیا گیا ہے اور انکوائری جلد مکمل کر لی جائے گی۔ اجلاس میں قومی شاہراہوں کے منصوبوں میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزارت مواصلات کے ایڈیشنل سیکر ٹری نے بتایا کہ رواں سال کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 298 کلومیٹر طویل کچلاک۔ژوب (این-50) شاہراہ منصوبہ فنڈز کی کمی کے باعث تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ کمیٹی نے این ایچ اے منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی اور مالی معاونت کے طریقہ کار کا الگ سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...