اٹارنی جنرل کے گھر چھاپہ مارنے پر ایس ایچ او سمیت 11اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
منصور اعوان کیساتھ والے گھر جرائم پیشہ افرادموجودہونیکی اطلاع تھی ،اہلکار غلطی سے انکی رہائشگاہ میں داخل ہوگئے :پولیس ایس ایچ او تھانہ سرور روڈعرفان سمیت 11 اہلکاروں کو چارج شیٹ کر دیاگیا، ایس ایچ او نے عبوری ضمانت بھی کرو الی
لاہور (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر لاہور کینٹ کے علاقے میں چھاپہ مارنے پر ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مارا تو صرف ملازم گھر پر تھے ، اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دئیے ، پولیس پارٹی جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئی تھی۔اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل میٹنگ سے فارغ ہوکر واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کرکے ڈی وی آر واپس کرگئی۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ کی قیادت میں پولیس پارٹی 27 جولائی کی شام 6 بجے گیٹ پھلانگ کر اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر داخل ہوگئی اور وہاں موجود ملازمین کو ہراساں کیا۔ اٹارنی جنرل کیساتھ والے گھر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی لیکن اہلکار غلطی سے اٹارنی جنرل کے گھر داخل ہوگئے ۔پولیس نے سب انسپکٹر مشتاق کی مدعیت میں ایس ایچ او تھانہ سرور روڈعرفان سمیت 11 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں چارج شیٹ کر دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر اختیارات سے تجاوز کیا۔ترجمان کینٹ پولیس کے مطابق ایس ایچ او نے غلط گھر پر ریڈ کیا ،قانونی کارروائی جاری ہے ۔دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی کروالی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments