7 اگست مزاحمت کا تاریخی دن، کراچی سے خیبر تک ملک جام ہوگا : حافظ نعیم

7 اگست مزاحمت کا تاریخی دن، کراچی سے خیبر تک ملک جام ہوگا : حافظ نعیم

حکمرانوں نے آزادکشمیر میں نفرتوں کے بیج بونا شروع کردئیے ، اقتدار پرقابض مریم ، بلاول ایک دوسرے کا پول کھول رہے پٹرولیم لیوی کی مد میں ایک سال میں 1900 ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں: امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفر نس

لاہور(سیاسی نمائندہ،این این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی ، حکومت کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں، مہنگائی اور بے تحاشا ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور سڑکیں جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ احتجاج ایک نکتہ آغاز ہے ، ختم نہیں ہوگا،حکمران سدھر جائیں ورنہ عوامی طوفان ان کی گدی الٹ دے گا، حکومت نے اپنے اخراجات کم نہ کئے اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو اس احتجاج کو غیر معینہ مدت کیلئے طویل بھی کیا جا سکتا ہے ، ادارے اور سیاستدان اپنے اپنے آئینی دائرہ کار میں کام کریں تو ملک کے حالات درست ہو سکتے ہیں۔

منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 7 اگست پرامن سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن ہوگا، اس دن کراچی سے خیبر تک تمام شاہراہوں پر عوام کا سمندر نظر آئے گا، وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ اور مزدور سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سڑکوں پر نکلیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم گولی اور گالی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ پرامن سیاسی جدوجہد ہمارا آئینی حق ہے ۔ اس موقع پر نائب امیر لیاقت بلوچ ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ ، ڈپٹی سیکرٹری رُسل خان بابر، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور سوشل میڈیا ہیڈ سلمان شیخ بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ حکومت نے کشمیر میں نفرتوں کے بیج بونا شروع کر دئیے ہیں۔ طاقت، گولی اور خون بہا کر عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے ، ہم نے امن کے لیے جرگہ تشکیل دیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے تاکہ سیاسی اور پرامن حل نکالا جا سکے لیکن بدقسمتی سے حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی،کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے معاشی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا حکومت روزگار دینے کے بجائے بجلی، گیس، واسا کے بلوں اور پٹرول کے ذریعے عوام پر بم گرا رہی ہے ، 335 روپے فی لٹر پٹرول کی قیمت نے عوام کی کمر توڑ دی۔

پٹرولیم لیوی کی مد میں ایک سال میں 1900 ارب روپے جبکہ عام انسان سے مجموعی طور پر ساڑھے 8 ہزار ارب روپے وصول کئے جا چکے ۔ انہوں نے کہا کہ مسندِ اقتدار پر قابض حکمران فارم 47 کی پیداوار ہیں، آزاد کشمیر میں مریم نواز اور بلاول بھٹو ایک دوسرے کے پول کھول رہے ہیں ۔ اگر بلاول سچے ہیں تو اپنے فارم 45 سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا غزہ و مشرق وسطیٰ میں عبرتناک شکست کھا چکے ،عملی طور پر صہیونی لابیوں کے ہاتھ کچھ نہیں آیا، جماعت اسلامی اس مشکل گھڑی میں ایرانی قوم اور مظلوم مسلمان امت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...