مریم نواز کی امریکی کاروباری وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت
وزیراعلیٰ سے ملنے والے 30رکنی وفد میں میڈیکل ،منرل اورآئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کی معروف شخصیات شامل پنجاب حکومت اور امریکی کاروباری برادری کا سرمایہ کاری،اقتصادی روابط، تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق پاک امریکا تعلقات کے اگلے باب کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت سے آگے بڑھنا چاہیے :مریم نواز کا وفد سے خطاب
لاہور(سٹاف رپوٹر)پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغازہوگیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے 30 رکنی امریکی کاروباری وفد نے ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے 30 رکنی امریکی بزنس وفد کا پر تپاک استقبال کیا-امریکی بزنس وفد میں میڈیکل، منرل،مینوفیکچرنگ،آئی ٹی،انڈسٹری،ہاسپٹلٹی،انرجی، الیکٹرونکس،مارکیٹنگ سمیت مختلف شعبوں کی معروف کاروباری شخصیات شامل ہیں ۔ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اور امریکی کاروباری برادری کے درمیان باہمی سرمایہ کاری،اقتصادی روابط اور پائیدار تجارتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا-امریکی کاروباری وفد نے وزیر اعلٰی مریم نواز شریف کو امر یکا آنے کی دعوت دی،جس پر وزیر اعلٰی پنجاب نے اظہار آمادگی کیا۔امریکی کاروباری وفد کو پیوٹ (PIVOT) پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے امریکی وفد کو پنجاب میں کاروباری آسانی کے لیے کی گئی اصلاحات کے بارے میں آگا کیا۔
پنجاب اور امر یکا کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اورباہمی شراکت داری کے لیے پنجاب میں اقتصادی مواقع تلاش کیے گئے -امریکی کاروباری وفد نے مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کو گیم چینجر قرار دے دیا-وزیر اعلیٰ نے ہوم ڈائلیسز مشین کے حصول میں اظہار دلچسپی کیا-امریکی کاروباری وفدنے شریمپ فارمنگ میں تعاون میں بھی اظہار دلچسپی کیا- مریم نواز شریف نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکی وفد کا استقبال کرنا اعزاز کی بات ہے ،امر یکا کے وفد کی پنجاب میں موجودگی امریکی سرمایہ کاروں کے بحال شدہ اعتماد کا اشارہ ہے ، امر یکا طویل عرصے سے پاکستان کے سب سے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک رہا ہے ۔پاک امر یکا تعلقات کے اگلے باب کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت سے آگے بڑھنا چاہیے ،امید ہے کہ یہ ملاقات مثبت نتائج لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب وہ انجن ہے جو پورے ملک کی ترقی اور نمو کو چلاتا ہے -پنجاب قومی جی ڈی پی میں 55 اعشاریہ 7 فیصد حصہ ڈالتا ہے -زراعت میں پنجاب کا حصہ 57 اعشاریہ 5 فیصد ہے اور اسے پاکستان کا فوڈ باسکٹ کہا جاتا ہے ، پنجاب کی اہم فصلیں گندم، چاول، مکئی اور کماد ہیں - مینوفیکچرنگ میں پنجاب کا حصہ 48 فیصد ہے -سروسز کے شعبے میں پنجاب کا حصہ 57 اعشاریہ 4 فیصد ہے -پنجاب 13 کروڑ لوگوں کا گھر اور پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے -پنجاب کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد کی ہے -صوبے کے پاس ایک بہت متحرک، پرجوش اور محنتی ورک فورس موجود ہے۔
ہم 20 سپیشل اکنامک زونز اور دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کی میزبانی کرتے ہیں - پنجاب سرمایہ کاروں کو ون گورنمنٹ اور ون ونڈو حل پیش کرتا ہے ، سپیشل اکنامک زونز 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ اور درآمد شدہ کیپٹل گڈز پر ایک بار کی چھوٹ پیش کرتے ہیں -غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 20 فیصد سبسڈائزڈ لیز ریٹس دئیے جاتے ہیں -پنجاب میں سرمایہ کاری کا سوچتے ہی کام آج سے شروع کریں، کل سے نہیں، پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے بہت سے پروجیکٹس تیار ہیں -راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا روڈا پروجیکٹ دریا کے ساتھ 46 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی پہلی خاتون باکسر کے میڈل جیتنے پر اظہار تشکر کیااور پاکستانی خاتون باکسرفاطمہ زہرہ کو مبارکباددی ۔ وزیراعلیٰ نے سکر دو براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 8 کوہ پیماؤں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments