بھائی بہن محض قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر پنشن کے مستحق نہیں : سپریم کورٹ

بھائی بہن محض قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر پنشن کے مستحق نہیں : سپریم کورٹ

پنشن یا مراعات کی حقدار مرحوم کی بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص ہی ہو سکتا:تحریری فیصلہ، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار اعتزاز احسن کی اہلیہ کو اسلام آباد میں رہائشی گھر پر ٹیکس استثنیٰ دینے کے معاملے پر ان لینڈ ریونیو کی اپیلیں مقرر، 7اگست سماعت

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ فوت شدہ ریٹائرڈ ملازم کی پنشن اور پنشنری مراعات کی قانونی حق دار اس کی بیوہ یا متعلقہ قانون کے تحت نامزد شخص ہی ہو سکتا ہے جبکہ صرف قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر بہن بھائی پنشن کے مستحق نہیں بنتے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے تحریر کردہ فیصلے میں عدالت نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مرحوم ملازم کے بہن بھائیوں کو وراثت نامہ جاری کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین، سروس رولز اور ادارے کے ضوابط کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے اور اس پر وراثت کے عمومی اصولوں کا اطلاق نہیں ہوتا۔ فوت شدہ ملازم کے بہن بھائیوں کی وراثت نامہ جاری کرنے کی درخواست قانونی طور پر قابل قبول نہیں، اپیل خارج کی جاتی ہے ۔ سپریم کورٹ نے سینئر قانون دان اعتزاز احسن کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز کو اسلام آباد میں واقع رہائشی گھر پر ٹیکس استثنیٰ دینے کے مقدمے میں ان لینڈ ریونیو کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں، جسٹس نعیم افغان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 7 اگست کو سماعت کرے گا۔

بشریٰ اعتزاز کی رہائشی گھر پر ٹیکس استثنیٰ کی درخواست ان لینڈ ریونیو حکام نے درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ اسی جائیداد پر ان کے شوہر اعتزاز احسن ٹیکس استثنیٰ حاصل کر چکے ہیں دوبارہ استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ بشریٰ اعتزاز نے فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جس نے ان لینڈ ریونیو کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ دیا۔ ان لینڈ ریونیو نے لاہور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...