خیبر پختونخوا، بلوچستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید

خیبر پختونخوا، بلوچستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں 5خارجی مارے گئے ،میجر حافظ احسان الٰہی نے بہادری سے لڑتے شہادت پائی نوشکی میں فتنہ الہندوستان کی کمین گاہ تباہ، خود کش بمبار سمیت 7 دہشتگردہلاک،صدر ،وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

راولپنڈی(دنیا نیوز)خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 12 دہشتگرد ہلاک کردئیے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پرآپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی، جو ضلع میانوالی کے رہائشی تھے ، جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آخری دہشت گرد کے خاتمے تک علاقے میں آپریشن جاری رہے گا، ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں قوم کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی ایک کمین گاہ کو نشانہ بنایا گیا، جو مکمل طور پر تباہ ہوگئی،کمین گاہ میں موجود تمام سات دہشت گرد مارے گئے ، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا،دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے کہا قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔شہباز شریف نے کہا دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی فورسز کی جرات اور عزم کا مظہر ہے ،شہدا کی عظیم قربانیاں پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...