جسٹس علی اکبر نے تعطیلات میں سب سے زیادہ کیسزنمٹادئیے
5 روز میں 381فیصلے ، ڈویژن بینچ میں 44مقدمات نمٹائے ، مجموعی تعداد425 15 ماہ کے دوران مجموعی طورپر 11 ہزار 550 مقدمات کے فیصلے کرنے میں کامیاب
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر عدالتی تعطیلات کے دوران سب سے زیادہ مقدمات نمٹانے والے جج بن گئے ،5روز میں 381مقدمات کے فیصلے کردئیے ، 10 فروری 2025 سے 31 جولائی 2026 تک مجموعی طور پر 11 ہزار 550 کیسز نمٹا دئیے ۔ رپورٹ کے مطابق جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے لاہور ہائیکورٹ کے پرنسپل سیٹ پر 5 ہزار 496 کیسز نمٹائے ، پرنسپل سیٹ پر ڈویژن بینچز نے 2 ہزار 269 کیسز نمٹائے، جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے راولپنڈی بینچ میں 756 کیسز نمٹائے ، بطور سنگل بینچ راولپنڈی بینچ میں 524 جبکہ ڈویژن بینچز نے 232 کیسز نمٹائے ، ملتان بینچ میں مجموعی طور پر ایک ہزار 820 کیسز نمٹائے ، بطور سنگل بینچز ایک ہزار 247 جبکہ ڈویژن بینچز نے 573 کیسز نمٹائے، بہاولپور بینچ نے مجموعی طور پر ایک ہزار 209 کیسز نمٹائے ، بطور سنگل بینچ 973 جبکہ ڈویژن بینچز میں 236 کیسز نمٹائے۔
عدالتی تعطیلات کے دوران جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے 27 سے 31 جولائی 2026 کے دوران پرنسپل سیٹ لاہور میں 425 مقدمات نمٹائے ، ڈویژن بینچ نے 44 مقدمات نمٹائے ، ایک ہفتے کے دوران 381 مقدمات نمٹائے ۔ جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس سردار اکبر علی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 44 مقدمات نمٹانے کے علاوہ 57 حبس بے جا کی درخواستیں، 33 قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں ، 27 بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں نمٹائیں۔ جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے ضمانت منسوخی کی 12 ، ایف آئی آر خارج کرنے کی 32 ، مقدمات کے اندراج کی 53 ،پولیس کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی 63 ، حراست اور حبس بے جا سے متعلق 74 ، شناختی کارڈ اور شہریت سے متعلق 5 درخواستیں نمٹائیں جبکہ مذہبی نوعیت کے 14 مقدمات بھی نمٹائے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments