عمران سے ملاقات ، نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا عدالت سے رجوع
ملاقاتوں پر پابندی نیلسن منڈیلا رولز کے منافی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر گزارش ہے اسٹیبلشمنٹ بات سنے ،فواد ،عمران اسماعیل،بیرسٹر سیف کی گفتگو
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک )نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی،سابق وفاقی وزیر فواد چودھری ، سابق گورنر عمران اسماعیل ، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف نے دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کے دوست ہونے کی وجہ سے ان کی صحت اور خیریت پر شدید تشویش ہے ، اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ان کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں ، بانی کو ملاقاتوں سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کے بھی منافی ہے ،پاکستان پریزن رولز 1978 کے تحت بانی سے جیل میں ملاقات اور انٹرویو کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے ،جب تک ان دو جماعتوں سے جان نہیں چھڑاتے ملک ترقی نہیں کرے گا،شہباز شریف اب تک پنجاب اور وفاق میں 17 بجٹ دے چکے ہیں مزید اب کیا کریں گے ، ،اگر ہم نے اہم معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے تو سب سے بڑا لیڈر جیل میں ہے ، اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے کہ ہماری بات سنے ، سابق گورنر عمران اسماعیل نے کہاکہ عمران خان کے ساتھ نئے صوبوں پر بات چیت کریں گے ،ان کی صحت کے حوالے سے معلوم کریں گے ، بیرسٹر سیف نے کہاکہ ہم حکومت سے اور مقتدرہ سے بھی بار بار مل کر اس موقف کا اعادہ کر چکے ہیں،ہمارا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈائیلاگ میں شامل کرنا ضروری ہے ،ان کو ڈائیلاگ میں شامل کئے بغیر، ان کی رائے معلوم کئے بغیر کوئی بھی بڑا فیصلہ جو پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہو نہیں لیا جا سکتا ،میں خاص طور پر اسٹیبلشمنٹ سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ بھی ہم سے تعاون کریں تاکہ ٹینشن اور محاذ آرائی کی فضا ختم ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments