جماعت اسلامی 16اگست کا احتجاج پاور شو میں بدلنے کو تیار
9 اگست کااحتجاج مؤخر کرنا کارکنوں کو مزید متحرک کرنے کی حکمت عملی
لاہور(سیاسی نمائندہ)جماعت اسلامی کے 9 اگست کو پنجاب میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے گھیراؤ کو 16 اگست تک مؤخر کرنے کی وجوہات سامنے آگئیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے 16 اگست کے احتجاج کو بڑے پاور شو میں تبدیل کرنے کی تیاری شروع کر دی اور آئندہ چند روز کے دوران تمام صوبوں میں کارکنوں کو متحرک کرکے احتجاج میں شرکت کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ، پنجاب بھر سے کارکنوں کو لاہور لانے اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ میں بھرپور شرکت کیلئے تنظیمی سطح پر رابطے شروع کر دئیے گئے۔
دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے گھیراؤ کیلئے بڑی تعداد میں کارکن جمع کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے ،ذمہ داران کو ہدایات دیدی گئی ہیں۔ احتجاج کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ نمایاں طور پر سامنے رکھا جائے گا جبکہ حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔واضح رہے جماعت اسلامی نے ابتدائی طور پر 9 اگست کا احتجاج مؤخر کرنے کی وجہ 14 اگست کی جشن آزادی کی تقریبات کو قرار دیا تھا ،تاہم اصل وجہ ملک بھر میں کارکنوں کو مزید متحرک اور منظم کرنے کی حکمت عملی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments