نیشنل چیمپئنز کپ کا میلہ آج سے سجے گا، ٹرافی کی رونمائی

نیشنل چیمپئنز کپ کا میلہ آج سے سجے گا، ٹرافی کی رونمائی

فاتح کو 50لاکھ انعام ملے گا، ایونٹ سے ورلڈ کپ سکواڈ بنانے میں آسانی ہوگی:شاہین آفریدی،پہلے میچ میں پاکستان گرینز اور وائٹس مدمقابل

ملتان، لاہور(سپورٹس رپورٹر ) نیشنل چیمپئنز کپ کامیلہ آج سے ملتان میں سجے گا،ٹورنامنٹ کی افتتاحی ٹرافی کی رونمائی ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کردی گئی جہاں چاروں شریک ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب میں شرکت کی۔ٹرافی کی رونمائی میں پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، پاکستان بلوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان، پاکستان وائٹس کے کپتان صائم ایوب اور پاکستان گرینز کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف شریک ہوئے ۔ گرینز کے کپتان شاداب خان تقریب میں موجود نہیں تھے ۔ نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو شیڈول فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پہلا میچ پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گا، پی سی بی نے چاروں ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 44 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا پول بھی تشکیل دیا گیا ہے ۔ ریزرو کھلاڑی صرف انجری یا سر پر چوٹ کی صورت میں ٹیم کے کسی کھلاڑی کی جگہ لے سکیں گے ۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ نیشنل کرکٹ چیمپئنز کپ کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براڈکاسٹ ہونگے جبکہ ٹیپ میڈ اور تماشا ایپ پر میچز لائیو سٹریم کیے جائیں گے ۔

بیرون ملک موجود شائقین پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر میچز کا براہ راست ایکشن دیکھ سکیں گے ۔ٹورنامنٹ کے حوالے سے پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ابھی تک تو ورلڈ کپ کے لیے میں ہی کپتان ہوں، ایونٹ سے ورلڈ کپ سکواڈ بنانے میں آسانی ہوگی،پاکستان وائٹس کے کپتان صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم میں تمام کھلاڑی اہم ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ جیتیں۔پاکستان بلوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کھیلنا ایک اچھا چیلنج ہوگا۔پاکستان گرینز کے کھلاڑی فہیم اشرف نے کہا کہ ان کی ٹیم متوازن ہے اور امید ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...