کراچی:آٹزم کے شکار بچوں کیلئے پہلے رہائشی مرکز کا افتتاح
مقصد انہیں ترقی کا ماحول فراہم کرنا، آصفہ، سندھ میں 10 مراکز فعال ہیں، مراد شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے پیر کو کورنگی میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ٹریننگ، سندھ (سی آرٹس)کے تحت قائم آٹزم کے شکار بچوں کے لیے پہلے خصوصی رہائشی مرکز کا افتتاح کر دیا۔ یہ اہم اقدام آٹزم کے شکار بچوں کو جامع، طویل المدتی اور خصوصی نگہداشت فراہم کرنے اور ان کے خاندانوں کی معاونت کے لیے ملک کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے آٹزم کے شکار بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے کے قابل قدر، باصلاحیت اور اہم ارکان ہیں، ہماری ذمہ داری ہے انہیں ایسا ماحول فراہم کریں جہاں وہ ترقی کرسکیں، اعتماد کے ساتھ سیکھ سکیں اور فخر کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منصوبے کو آٹزم کے شکار بچوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے امید، شمولیت اور وقار کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا رہائشی مرکز سندھ حکومت کے اس غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے کہ آٹزم کے شکار ہر بچے کو معیاری تشخیص، تعلیم، بحالی، زندگی کی مہارتوں کی تربیت اور آزاد مستقبل کے مواقع تک رسائی حاصل ہو۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ ادارہ ملک میں آٹزم کے شکار افراد کے لیے معاونت اور بحالی کے سب سے بڑے نیٹ ورک میں تبدیل ہوچکا ہے ، جو 1,500 سے زائد بچوں اور ان کے خاندانوں کو خدمات فراہم کررہا ہے ، آٹزم کے شکار افراد کی معاونت کے لیے سندھ حکومت کا عزم پورے صوبے تک پھیلا ہوا ہے ، کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، گمبٹ، سکھر اور لاڑکانہ میں سی آرٹس کے 10 مراکز اس وقت فعال ہیں، جہاں تشخیص، تعلیم، بحالی، رویوں سے متعلق تھراپی، زندگی کی مہارتوں کی تربیت، فنی ترقی اور خاندانوں کی مشاورت سمیت مفت خدمات فراہم کی جارہی ہیں، گلشن اقبال ٹاؤن، ماڈل کالونی، پریمیئر کالج ناظم آباد، سومار کنڈانی ولیج، لانڈھی، ناظم آباد، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، سکھر اور شہید بینظیرآباد میں مزید 13 سی آرٹس یونٹس زیر تعمیر یا تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے لانڈھی، ملیر، نارتھ ناظم آباد اور بحریہ ٹاؤن میں تین جدید سی-آرٹس انکلیوسو پارکس کے قیام کا بھی اعلان کیا بشرطیکہ مناسب اراضی دستیاب ہوجائے ۔
انکلیوسو پارکس بچوں میں سمجھ بوجھ، ہمدردی اور قبولیت کو فروغ دیں گے اور آٹزم کے شکار بچوں کو معاشرتی زندگی میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کریں گے ۔مراد شاہ نے کہا حکومت سندھ نے بلوچستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حکومتوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ ان علاقوں میں آٹزم مراکز کے قیام کے لیے تکنیکی مہارت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کی جاسکے ۔ تقریب میں سیکریٹری محکمہ بااختیاری برائے افراد معذوری طحہٰ فاروقی، سفارتی اور ترقیاتی برادری کے ارکان، آٹزم کے ماہرین، ماہرین تعلیم، والدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ چیف آٹزم کنسلٹنٹ اور سی آرٹس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ارم رضوان نے شرکا کو ادارے کی خدمات اور مستقبل میں توسیع کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔نئے مرکز کو آٹزم کے شکار ایسے بچوں کے لیے محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جنہیں خصوصی مدد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ یہاں رہائشی سہولت، علاج معالجے کی خدمات، تعلیمی پروگرام، رویوں سے متعلق معاونت، زندگی کی مہارتوں کی تربیت اور فنی تربیت ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائے گی۔یہ مرکز تقریباً 250 بچوں کو سہولیات فراہم کرے گا اور شواہد پر مبنی آٹزم مداخلتی پروگراموں میں تربیت یافتہ مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ٹیم کے ذریعے کام کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments