میر رضا کیس:گیسٹ ہاؤس کس کی ملکیت؟ دستاویزسامنے آگئیں

میر رضا کیس:گیسٹ ہاؤس کس کی ملکیت؟ دستاویزسامنے آگئیں

مکان مالک، گیسٹ ہاؤس چلانے والے کا معاہدہ بھی پولیس سافٹ ویئر ٹریکس میں موجود قتل کیس پر تحقیقاتی کمیٹی کا 5گھنٹے طویل پہلا اجلاس،مزید 2افسران کی شمولیت کا امکان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہیں، گیسٹ ہاؤس کس کی ملکیت ہے ؟ اہم دستاویزات سامنے آگئیں۔ پولیس ویری فکیشن میں موجود کرایہ نامہ سامنے آگیا، جس کے مطابق گیسٹ ہاؤس لیاقت نامی شخص کے نام پر ہے ، مکان نمبر C-349، گلستان جوہر طاہرہ سلطانہ نامی خاتون کی ملکیت ہے ۔ مکان مالک خاتون اور گیسٹ ہاؤس چلانے والے لیاقت کے درمیان ہونے والا معاہدہ بھی پولیس سافٹ ویئر ٹریکس میں موجود ہے ۔دوسری جانب میر رضا قتل کیس کے حوالے سے قائم نئی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس 5گھنٹے جاری رہا،جس میں ورثا کی درخواست پر مزید دو افسران کو شامل کرنے پر غور کیا گیا۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں کیس کے محرکات، شواہد، پیشرفت اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں کیس کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی بنیاد پر دیکھنے پر غور کیا گیا جبکہ کیس میں ناقص تفتیش کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔اجلاس میں میر رضا کے والدین اور وکیل کی جانب سے تجویز کردہ دو افسران کو شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا جس کے بعد کمیٹی میں مزید دو اراکین کو شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کو جلد تحقیقاتی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔

ادھر آئی جی سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام چیزوں کو غلط فہمی کی بنیاد اور آپس میں رابطہ کاری نہ ہونے کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا میررضا کیس میں مس کمیونی کیشن ہوئی، اب اس پر نئی کمیٹی تحقیقات کررہی ہے جس میں واقعہ سے متعلق حقیقت سمجھ آجائے گی۔ میرے خیال میں مس کمیونی کیشن کامسئلہ آیا ہے جس کی وجہ سے کیس خراب ہوا، بہرحال حقیقت سامنے آجائے گی۔ آئی جی نے کہا پرانی ٹیم کا مقصد بھی کیس کی شفاف تحقیقات تھا اس لیے انہوں نے والدین سے گاہے بگاہے رابطے ، ملاقاتیں کر کے شواہد مانگے اور کسی پر شک ہونے کی صورت میں نام بھی مانگا۔ جاوید عالم اوڈھو نے کہا تحقیقاتی ٹیم کو اب واضح ہدایت کردی ہے کیس کے حوالے سے بات چیت کو شفاف اور واضح انداز میں فیملی و میڈیا کے ساتھ شیئر کریں تاکہ مزید بگاڑ نہ ہو۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کیس کی پرانی تحقیقات میں کچھ تکنیکی خرابیاں تھیں تاہم اس پر متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں میر رضا قتل کیس کے سلسلے میں مقتول کے والد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ اور میئر کراچی کل آئے تھے ، انہوں نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا ، ہم نے کہا سوچ کر بتائیں گے ۔انہوں نے بتایا ہمیں نئی تحقیقاتی کمیٹی پر اعتماد ہے ۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی اچھی شہرت کے افسر ہیں ۔ تحقیقاتی کمیٹی سچ سامنے لائی گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے میر رضا کے والد نے بتایا کہ میرے بیٹے کا بزنس پارٹنر بھی غائب ہے ، گلستان جوہر میں قائم گیسٹ ہاؤس کے ملازمین سے کیا تحقیقات ہوئیں، ہمیں نہیں بتایا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ گیسٹ ہاؤس کی سی سی ٹی وی بھی اب تک سامنے نہیں آئی ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...