یوم آزادی:سعودی عرب،روس،بحرین کی مبارکباد،ہماری تقدیریں جڑی ہوئی ہیں:ایرانی صدر

یوم  آزادی:سعودی  عرب،روس،بحرین  کی  مبارکباد،ہماری  تقدیریں  جڑی  ہوئی  ہیں:ایرانی  صدر

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی ترقی، خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار پاکستان کا یومِ آزادی تعلقات کو وسیع کرنے کا نیا موقع:پزیشکیان،پاکستان سے تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں:صدر پوٹن

 اسلام آباد (وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے یو م آزادی پر سعودی عرب، ایران،روس ،بحرین نے صدر،وزیر اعظم اور پوری قوم کو مبارکباد کے پیغامات ارسال کئے ہیں ، خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے صدرِ پاکستان اور وزیر اعظم کو تہنیتی پیغامات ارسال کئے ، سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ،ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان کا یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے دیرینہ، برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نیا موقع ہے ، ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے نام تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماسکو اور اسلام آباد سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی فلاح و بہبود اور دیگر شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔ بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے پاکستان کے یوم آزادی پر صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہباز شریف کو یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیاہے ،پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے بھی یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید وسعت اختیار کرتے رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...