پٹرول نرخ کم کرائینگے ، عوام کوحق کیلئے نکلنا ہوگا : حافظ نعیم

پٹرول نرخ کم کرائینگے ، عوام کوحق کیلئے نکلنا ہوگا : حافظ نعیم

آج ایوانِ وزیراعلیٰ کے باہر احتجاج ،رکاوٹ پرحکومت گراؤ تحریک بن سکتا لیوی پر 1567ارب کا ڈاکہ ماراگیا ،پٹرول، بجلی ،اشیاضروریہ کے نرخ کم کئے جائیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی ٹیکسوں کیخلاف آج اتوار کوشام 4 بجے سے لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس جبکہ سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہائوسز کے باہر دھرنے کااعلان کردیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی کی طرح پٹرول کی قیمتیں بھی کم کرائیں گے ، عوام کواپنا حق لینے کیلئے نکلنا ہوگا۔حکومت ہر لٹر پر 130 روپے بھتہ لے رہی ہے ۔ لوگ موٹر سائیکل پر پورا خاندان بٹھا کر مجبوراً سفر کررہے ہیں۔آج (اتوارکو)گورنر ہاؤ سز اور ایوان وزیراعلی ٰ پنجاب کے سامنے پرامن احتجاج کرینگے ،رکاوٹ ڈالی تو عوامی حقوق کا احتجاج حکومت گرا ؤتحریک میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے مزیدکہا حکومتی طبقہ اپنی نااہلیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہا ہے ۔ مختلف شعبوں میں 1100 ارب کی کرپشن ہورہی ہے ۔ عام آدمی پر لیوی، فیول ایڈجسٹمنٹ ودیگر ٹیکسز اور ڈیوٹیز لگائی گئی ہیں ۔ تنخواہ دار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جارہا ہے مگر مخصوص طبقے کو 17 ارب ڈالر کی سالانہ مراعات دی جارہی ہیں۔ ان میں وہ بھی شامل ہیں جنہیں سرکاری مراعات دی جارہی ہیں،آئی پی پیز بھی انہی میں شامل ہیں ۔ آئی پی پیز سے حکومت ٹیکس نہیں لے سکتی۔ سرمایہ دار طبقہ، جاگیردار ،وڈیرے اور سیاستدان وسائل پر قابض ہیں ،اگر عام آدمی کو نہیں پتا ہوگا کہ کسے کتنی مراعات دی جارہی ہیں تو یہ مزید ڈاکے مارتے رہیں گے۔

قوم کپیسٹی پیمنٹ کی مد میں بجلی بنانے سے زیادہ پیسے دے رہی ہے ۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 6 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ۔ پیسے کہاں جا رہے ، کوئی نہیں جانتا۔ قوم کو لوٹ رہے ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف پروگرام سے بھی زائد لیوی ٹیکس کے ذریعے 1567 ارب کاڈاکا مارچکی ہے ۔روٹی 10 کی ہونی چاہیے مگر 20 روپے میں مل رہی ہے ۔ ہر حکومتی عہدیدار چاہے جرنیل ہو بیوروکریٹ یا ایم این اے یا وزیر کسی کی گاڑی 1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے ۔ مریم بی بی کیلئے 11 ارب کا جہاز خریدا گیا۔ بتائیں تو سہی کیوں لیا؟جبکہ پہلے سے جہاز موجود تھا۔ ان سب کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول، بجلی ، اشیائے ضروریہ سستی اوراشرافیہ کی مراعات ختم کی جائیں۔ ہم مختلف جگہوں سے احتجاج کرتے وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس پہنچیں گے۔ احتجاج 3 بجے شروع ہوگا، گڈز ٹرانسپورٹرز کو بھی شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔ پٹرول کی 225 روپے لٹر قیمت بالکل مناسب ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...