دھرنے جاری ، مہنگائی سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا : حافظ نعیم

 دھرنے جاری ، مہنگائی سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا : حافظ نعیم

عوام کو ریلیف نہ ملا تو ملک گیر ہڑتال ، اسلام آباد مارچ سمیت ہر آپشن استعمال کرینگے :امیر جماعت اسلامی جعلی ٹیکس ختم کئے جائیں:پریس کانفرنس،ن لیگ اعتراض کی بجائے اپنی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالے :ترجمان

لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی، پٹرولیم لیوی، ناجائز ٹیکسوں اور آئی پی پیز کے بوجھ تلے دبے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ، حکومت نے فوری طور پر عوام کو ریلیف نہ دیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال، سڑکوں کی بندش اور اسلام آباد مارچ سمیت ہر آپشن استعمال کرینگے ،جماعت اسلامی کے کارکن بڑی مزاحمتی تحریک کی تیاری کریں،کل 28 اگست کو فیصل آباد میں تاریخی دھرنے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہرمال روڈ پر جماعت اسلامی پاکستان کے جاری دھرنے کے دسویں روز شرکاء اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر اسامہ رضی،صوبائی امیر جماعت محمد جاوید قصوری،ڈاکٹر بابر رشید ودیگر نے بھی دھرنے سے خطاب کیا جبکہ نذیر احمد جنجوعہ، رسل خان بابر، ضیا الدین انصاری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں جاری دھرنوں میں عوام کی شرکت مسلسل بڑھ رہی ہے ،کوئلے کی درآمدات اور آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ،پٹرولیم لیوی اور تمام جعلی ٹیکس فوری طور پر ختم ، عوام کو ریلیف دیا جائے اور روٹی کی قیمت دس روپے مقرر کی جائے ، اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج مزید شدت اختیار کرے گااور جس دن عوام ضد پر آگئے تو تمہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ، پنجاب میں ایک خاندان کی اجارہ داری ہے ، سندھ میں پیپلز پارٹی نے صوبے کو تباہ کر دیا،پنجاب حکومت کی جانب سے 11 ہزار اسکولوں کی نجکاری دراصل حکومت کی اپنی ذمہ داریوں سے فرار کی کوشش ہے ، جماعت اسلامی کسی کمیٹی کی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائے گی ، حکومتی وزرا کی جانب سے ردعمل آنا اس بات کی علامت ہے کہ دھرنا اثر کر رہا ہے ، حکومت کو جتنی تکلیف ہوگی دھرنا اتنا ہی مضبوط ہوگا ، حکومت عوام کے مسائل سمجھے اور پٹرولیم لیوی فوری ختم کرے ، ملک میں نظام مصطفیٰ نافذ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرحد یونیورسٹی واقعہ کی میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے ، چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ مزید برآں ترجمان جماعت اسلامی نے وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کی جانب سے جماعت اسلامی کے دھرنوں پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کو جماعت اسلامی کے احتجاج میں عوامی شرکت پر اعتراض کرنے کے بجائے اپنی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالنی چاہیے ،2018 میں نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ پورے ملک سے صرف 150 افراد کو استقبال کیلئے جمع کر سکے تھے ، حکومت کو چاہیے عوامی احتجاج کا مذاق اڑانے کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔  

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...