امریکا کے بڑے حملے، ایران کا جوابی وار: امریکیوں کو پچھتانا پڑیگا: سداران انقلاب، مزید سخت کارروائی کرینگے: ٹرمپ، آئل قیمتوں میں اضافہ ہم نہیں تو کوئی بھی تیل برآمد نہیں کر سکے گا: ایرانی سپیکر
امریکاکی بندر عباس،قشم جزیرے ،سیرک پر بمباری،صوبہ ہرمزگان میں شادی تقریب پر حملے میں 4افراد شہید، 50 سے زائد زخمی، نئے اہداف کو نشانہ بنایا:سینٹکام آبنائے ہرمز میں 2ٹینکروں پر حملے ،چابہار اور کونارک میں 4 پروجیکٹائل گرنے کی تصدیق،ایرانی صدر کی پیوٹن سے ملاقات ،جنگ میں حمایت پر روس کا شکریہ ادا کیا
واشنگٹن، تہران، بشکیک (نیوز ایجنسیاں) امریکا کے ایران پر بڑے حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائی شروع کردی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مسلح افواج نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور مفادات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے ۔ حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔امریکی فوج کے مطابق ایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں اور مزید اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ امریکی سینٹکام نے کہا کہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی اور خطے میں تعینات امریکی فوجیوں کے خلاف پاسداران انقلاب کی حالیہ کارروائیوں کے جواب میں کی گئی، حملے منگل کو دوپہر 12 بجے شروع ہوئے ،نئے اہداف کو نشانہ بنایا۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب 5 سے زائد دھماکے ہوئے ، جبکہ بندرعباس کے مشرق میں بھی دھماکے ہوئے ۔ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ امریکی فورسز نے جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ایرانی ہلال احمر کے مطابق جنوبی صوبہ ہرمزگان کے شہر کوہستک میں شادی کی تقریب کے دوران امریکی میزائل کے ملبے اور چھروں کی زد میں آکر ایک بچے سمیت 4 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حملے میں شادی کی تقریب والا رہائشی مکان بھی متاثر ہوا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ سیستان بلوچستان کے چابہار اور کنارک کے علاقوں میں 4 پروجیکٹائل گرے ، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں دو خام تیل بردار ٹینکروں کو نامعلوم میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق کوئی جانی نقصان یا ماحولیاتی اثرات رپورٹ نہیں ہوئے ۔پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے کہا کہ تازہ امریکی حملوں پر امریکا کو پچھتانا پڑے گا اور جارحیت کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی کہ ایران نے تازہ حملوں کا جواب دیا تو مزید سخت وار کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا سب سے بڑا حملہ نہیں، وہ ابھی باقی ہے اور اس کے بعد ایران کا بہت کم حصہ باقی بچے گا۔ٹرمپ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان پر کہا کہ وہ اس آپشن کو مکمل طور پر خارج نہیں کریں گے ، تاہم اس کی فی الحال کوئی وجہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران فوجی اعتبار سے شکست خوردہ ہے اور اس کی فوجی صلاحیتوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے ۔ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر دشمن خلیج فارس سے ایران کی تیل برآمدات روکنا چاہتا ہے تو پھر یہاں سے کوئی بھی تیل برآمد نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ محاصرہ مزید سخت کیا گیا تو ایران عسکری جواب دے گا اور سب کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔
تازہ حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 3.51 ڈالر اضافے سے 94 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 3.84 ڈالر اضافے سے 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی اور جنگ کے دوران روسی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پزشکیان نے کہا کہ امریکی پابندیوں اور عالمی فورمز پر روس کے مؤقف نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید اسٹریٹجک بنا دیا ہے ۔ایرانی صدر نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی دوبارہ اپنانے سے جنگ کے خاتمے کیلئے جاری سفارتی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا جون میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی بحالی کی جانب قدم بڑھاتا ہے تو ایران بھی فوری طور پر جوابی اقدام کرے گا۔دریں اثنا ایران نے اپنے فضائی دفاعی نظام میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی شامل کرنا شروع کردی ہے تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا عمل تیز اور اہداف کو نشانہ بنانے کی درستگی بہتر بنائی جاسکے ۔ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے 2577 قیدیوں کی سزائیں معاف یا کم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اپنی خودمختاری، قوانین اور اقدار امریکا کے پاس گروی رکھ چکی ہے اور ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی حمایت کررہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments