ڈار کی گوتریس ،ایس سی او ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

ڈار کی گوتریس ،ایس سی او ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستا ن کے دورے کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور ایس سی او کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کرلیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلئے دفتر خارجہ پاکستان، اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطہ کاری کرے گا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026 کے اجلاس سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی، اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں وزرائے خارجہ نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیر خارجہ کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار تاجک اور ازبک وزرا خارجہ سے بھی ملے ، ملاقات میں باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔اسحاق ڈار کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل سے بھی اہم اور مفید ملاقات ہوئی، انہوں نے ایس سی او کی چیئرمین شپ کے دوران اختیار کی جانے والی ترجیحات اور مجوزہ حکمت عملی سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک سے بھی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر مفید اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم ( ایم آئی ٹی) کے ڈائریکٹر ابراہیم قالن سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اور اس کی سٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کے علاوہ خطے میں حالیہ پیش رفت شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کیلئے مسلسل رابطہ اور سفارتی روابط کی ضرورت ہے ۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف سے ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے مضبوط تعلقات کی تجدید کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...