کل ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہر صورت ہوگی:حافظ نعیم

کل ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہر صورت ہوگی:حافظ نعیم

ابھی 75 آئی پی پیز باقی،حکومت کو پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہو گا 3ستمبر کوکوئی مارکیٹ اوربازار نہیں کھلے گا،تاجررہنماؤں کااعلان

کراچی،لاہور (سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجروں نے بھی فیصلہ دے دیا کہ 3ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن  ہڑتال ہر صورت ہوگی اور پورے ملک میں ہوگی، حکومت کو پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہو گا۔ اب صرف بھتہ لیوی مسئلہ نہیں ہے ، ابھی 75 آئی پی پیز باقی ہیں جن کے معاہدے ختم کرنے ہیں۔ ہم کسی اور آئی پی پیز سے معاہدے نہیں کرنے دیں گے ۔ گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنے کے 17ویں دن کراچی کے تاجروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کے حب کراچی کے تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کے اعلان پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔آخر کیوں وزیر اعظم، وزیر پٹرولیم،اعلیٰ سول و فوجی افسران 1300 سی سی گاڑی میں سفر نہیں کر سکتے ، فری پٹرول اور بجلی ان لوگوں کو نہیں دینی چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 11 ارب کا جہاز خرید کر 25 کروڑ عوام کے کلیجے پر مونگ دلی ہے ، عام شہری مجبوری میں اپنی فیملی کو موٹر سائیکل پر لے کر جاتے ہیں۔ حکمران ان موٹر سائیکل سواروں سے بھی اربوں روپے لیوی کے نام پر وصول کر چکے ہیں۔ حکومت نے 8 ہزار ارب روپے سے زائد رقم لیوی کے نام پر وصول کی۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کراچی میں بجلی، نادرا سمیت دیگر مسائل جماعت اسلامی نے حل کروائے ۔

حکمران انتخابات سے قبل کہتے ہیں کہ ہم آئی ایم ایف کی غلامی نہیں کریں گے لیکن جیسے ہی اقتدار میں آتے ہیں آئی ایم ایف کے پروگرام میں چلے آتے ہیں۔ ملک میں آئی ایم ایف کا 24 واں پروگرام چل ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی بند ہوگا تو پورا پاکستان بند ہوگا۔ کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنا زندگی کی علامت بن چکا ہے ، عوامی جدو جہد جاری رہے گی۔کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے کہا کنونشن میں کراچی کے سارے تاجروں کی موجودگی ثابت کرتی ہے کہ کراچی 3 ستمبر کو بند رہے گا۔ تمام تاجر جماعت اسلامی کی تحریک اور جدو جہد کے ساتھ ہیں، لیوی ٹیکس بھتہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور کراچی سمیت پورا پاکستان دلدل میں پھنس چکا ہے ۔ کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ جماعت اسلامی کاواضح مطالبہ ہے کہ ناجائز لیوی کا خاتمہ کیا جائے ۔جماعت اسلامی اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوامی مفادات کے لیے ہڑتال کررہی ہے ۔ دیگر تاجر رہنماؤں کابھی کہنا تھاکہ 3ستمبر کو کراچی کی کوئی مارکیٹ اور بازار نہیں کھلے گا۔ ادھر لاہور میں جماعت اسلامی کا پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا سترھویں روز میں داخل ہوگیا، جہاں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین، بچے ، بزرگ اور نوجوان شریک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...